Apr ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۷:۴۹ Asia/Tehran
  • ایران کی مسلح افواج نے عالمی سطح پر اپنی طاقت کا لوہا منوایا: رہبرانقلاب اسلامی

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے اعلی عہدے داروں نے آج رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔

سحر نیوز/ ایران: رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج  مسلح افواج کے اعلی حکام کے ساتھ ملاقات میں آرمی ڈے اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے حالیہ واقعات میں مسلح افواج کی کوششوں اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مسلح افواج کی حالیہ کامیابیوں نے دنیا اور عالمی مبصرین کی نظروں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بارے میں عظمت کا احساس پیدا کیا ہے۔

رہبرانقلاب اسلامی نے تاکید کی کہ اللہ کے فضل سے، مسلح افواج اپنی صلاحیتوں اور عظمت کے لئے اچھی شہرت رکھتی ہیں، اس کے ساتھ ہی انہوں نے دنیا کو ایرانی قوم کا ایک قابل تعریف چہرہ دکھایا اور بین الاقوامی سطح پر ایرانی قوم کی قوت ارادی کے بھرپور اظہار کا ثبوت دیا۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مزید فرمایا کہ داغے گئے میزائلوں کی تعداد اور یا ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائلوں کا مسئلہ اس زبردست جوابی کارروائی میں ثانوی حیثیت کا حامل ہے۔ جب کہ بنیادی مسئلہ ایرانی قوم اور مسلح افواج کا بین الاقوامی میدان میں اپنی  قوت ارادی کا برملا اظہار ہے کہ جس پر فریق مخالف بوکھلاہٹ کا شکار ہوا۔

انہوں نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، فوج اور پولیس فورس کی کوششوں اور سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے مسلح افواج کو نصیحت کی کہ دشمنوں اور ان کی دشمنیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جدوجہد اور عملی اقدام پر بھروسہ کرتے ہوئے جدت کے ساتھ ساتھ دشمن کے حربوں اور سازشوں کا علم ہمیشہ ایجنڈے میں ہونا چاہیے۔

انہوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایرانی قوم کا وقار دنیا کی نظروں میں مزید نمایاں ہونا چاہیے، کہا: باصلاحیت، قابل اور تخلیقی قوتوں کی شناخت کے ساتھ ، خدائے بزرگ و برتر پر بھروسہ رکھیں اور جان لیں کہ خدا کی جانب سے مومنین کے دفاع کا وعدہ یقینی اور ناقابل تردید ہے.

اس ملاقات میں مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل باقری نے 2023ء کی اہم پیش رفت اور 2024ء کے ابتدائی ہفتے کے واقعات یعنی آپریشن " وعدہ صادق" کا ذکر کرتے ہوئے مسلح افواج کی تازہ ترین تیاریوں اور صلاحیتوں کے حوالے سے مختصر رپورٹ پیش کی۔

ٹیگس