دنیا شہید رئیسی کو ایک انقلابی اور جمہوری صدر کے طور پر جانتی ہے: رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ عوام کے لیے کام کرنا اور عوام کی خدمت کرنا حالیہ واقعے کے شہداء کی نمایاں ترین خصوصیات ہیں اور ان کی عظیم الشان تشییع جنازے سے ثابت ہوا کہ ایرانی زندہ قوم ہے۔
سحر نیوز/ ایران: رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج (ہفتہ) کی صبح شہدائے خدمت کے اہل خانہ سے ملاقات میں شہدائے خدمت کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ آپ نے عوام کے لیے کام کرنا، عوام کی خدمت اور عوامی قیادت کو شہدائے خدمت کی سب سے اہم خصوصیت قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ شہید رئیسی شب و روز خدمت میں مشغول رہتے تھے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے شہید حسین امیر عبداللہیان کو نہ تھکنے والی شخصیات قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ ملکی اور غیر ملکی محاذ میں شہید رئیسی اور شہید امیر عبداللہیان کی خدمات کی داستان طویل ہے۔
آپ نے شہید صدر رئیسی کو انقلابی اقدار کا مظہر قرار دیتے ہوئے تاکید کی کہ شہید صدر رئیسی نے انتخابات کے آغاز سے ہی اسلامی انقلاب اور امام خمینی(رح) کے فرمودات پر عمل کیا، اسی لیے دنیا ان کو ایک انقلابی اور جمہوری صدر کے طور پر جانتی ہے۔ عوام کی جانب سے باشکوہ انداز میں تجلیل کا مطلب یہ ہے کہ ایرانی عوام انقلابی نعروں کی حمایت کرتے ہیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے شہید آیت اللہ آل ہاشم کی خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ انہوں نے نماز جمعہ کو صرف ایک عبادت ہونے سے نکال کر اجتماعی، معنوی اور عوامی خدمت کے عمل میں بدل دیا۔
شہید مالک رحمتی اور شہید موسوی کے بارے میں رہبر معظم نے فرمایا کہ ان کی شب و روز کی خدمت کی بدولت اللہ تعالی نے ان کو ایرانی قوم کے لیے باعث افتخار قرار دیا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایرانی عوام نے تبریز، قم، تہران، بیرجند، مشہد اور دیگر شہروں میں شہداء کی باشکوہ انداز میں تشییع جنازہ کرکے ایک زندہ قوم ہونے کا ثبوت دیا۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے دشمن کی طرف سے عوام اور اسلامی انقلاب کے درمیان جدائی ڈالنے کی سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اس سانحے نے دنیا والوں پر ثابت کردیا کہ ایرانی عوام انقلابی اقدار پر پابند رہتے ہوئے اپنی خدمت کرنے والوں کے ساتھ وفاداری اور وابستگی کا ثبوت دیتے ہیں۔