صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ حملے کا جواب ایک خصوصی آپریشن میں دیا جائے گا، ایران
غاصب صیہونی حکومت کی تازہ دہشت گردانہ جارحیت اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب اور سفیر نے کہا ہے کہ اس دہشت گردانہ جارحیت کے لئے صیہونی حکومت اور اس کے حامی جوابدہ ہیں ۔
سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب اور سفیر امیر سعید ایروانی نے نیویارک کے مقامی وقت کے مطابق بدھ کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام خط میں لکھا ہے کہ یہ ارجنٹ مکتوب، اسرائیلی حکومت کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کی ارضی سالمیت، اور اقتدار اعلی کی خلاف ورزی اور دہشت گردانہ حملے کے بعد ارسال کیا جارہا ہے۔
امیرسعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئر مین کے نام اپنے اس ارجنٹ مکتوب میں، اسرائیلی حکومت کی دہشت گردانہ جارحیت پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ امیر سعید ایروانی نے اپنے اس مکتوب میں لکھا ہے کہ اقوام متحدہ کے منشور کی دفعہ 51 کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کو اپنے دفاع میں اس دہشت گردانہ جارحیت کا جواب دینے کا قانونی حق حاصل ہے اور اپنا یہ حق استعمال کرنے میں وہ دریغ نہیں کرے گا۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر نے بھی صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ جارحیت میں حماس کے سربراہ کی شہادت پر کہا ہے کہ اس دہشت گردانہ حملے کا جواب ایک خصوصی آپریشن میں دیا جائے گا۔ اس رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر نے کہا ہے کہ یہ خصوصی آپریشن بہت سخت اورایسا ہوگا جو اس دہشت گردانہ حملے کے عاملین کو پشیمان کردے گا۔