ایران کے راستے عراق جانے والے پاکستانی زائرین اربعین حسینی کے سفر کا آغاز
ایران کے راستے عراق جانے والے پاکستانی زائرین اربعین کے لئے ٹو انٹری فری ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: رپورٹ کے مطابق اربعین حسینی میں شرکت کے لئے زمینی راستے سے عراق جانے والے پاکستانی زائرین تفتان سرحد کے علاوہ ریمدان سرحد سے بھی ایران میں داخل ہوں گے اور ایران کی مہماں نوازی کے لئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
پاکستانی زائرین کے لئے میرجاوہ ، شہر زاہدان ، مشہد مقدس اور قم میں ان کے قیام و طعام اور پذیرائی کے مراکز کے علاوہ عراقی سرحد کے راستے میں مختلف جگہوں پر مخصوص موکب کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
پاکستان میں ایران کے سفارت خانے اور مختلف شہروں ميں قونصل خانوں نے گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی ایران کے راستے عراق جانے والے پاکستانی زائرین اربعین کے لئے ٹو انٹری فری ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب اربعین حسینی کے موقع پر پاکستانی زائرین کے سفر کے بارے میں عراق اور پاکستان کے حکام کے درمیان مذاکرات کے بعد پاکستانی زائرین اربعین کا کوٹہ بڑھا دیا گيا ہے۔
پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ سے ملاقات اور گفتگو کی۔
پاکستان کی وزارت داخلہ نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ اربعین حسینی کے موقع پر پاکستانی زائرین کو عراق میں مزید سہولتیں دیئے جانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
پاکستانی وزارت داخلہ کے بیان میں عراقی سفیر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اربعین حسینی کے موقع پر عراق جانے کے خواہشمند پاکستانی زائرین کا کوٹہ بڑھا دیا گیا ہے اور ویزا جاری کرنے کی رفتار تیز کردی گئی ہے۔