Sep ۰۱, ۲۰۲۴ ۰۹:۰۰ Asia/Tehran
  • فلسطینی مزاحمت کو ختم کرنے کا صیہونیوں کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا: ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے زور دیا ہے کہ بلاشبہ فلسطینی مزاحمت کو ختم کرنے کا صیہونیوں کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا۔

سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایکس پر لکھا کہ غزہ پٹی کے مظلوم لیکن صبر و تحمل کے حامل باشندوں نے اس علاقے کے خلاف صیہونی حکومت کی جنگ کا 330واں دن ایسے حالات میں گزارا کہ جب اس علاقے کے 40,000 سے زیادہ باشندوں کو، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں، صہیونی مجرم گروہ کے ہاتھوں انتہائی وحشیانہ طریقے سے قتل کیا جا چکا ہے ۔ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ کے ملبے اور کھنڈرات تلے مرد و خواتین، بچوں اور نوعمروں سمیت ہزاروں لوگوں کی لاشیں دبی ہوئی ہیں اور اس علاقے کے تقریباً 90 فیصد باشندے بے گھر ہو چکے ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں کے اعلان و اعتراف کے مطابق اس علاقے کے اسپتال، اسکول، سروس سینٹرز وغیرہ سو فیصد تک تباہ ہوچکے ہیں اور موجودہ غیر مساوی جنگ کے خاتمے کے بعد بھی غزہ کے کھنڈرات کی تعمیر نو میں برسوں لگ جائیں گے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے ایکس پر لکھا کہ غزہ پٹی کے بہت سے حصے بمباری کے بعد ماحولیاتی وجوہات کی بناء پر برسوں تک غیر آباد رہیں گے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی کا کہنا تھا کہ غزہ کے خلاف تین سو تیس دن کی بزدلانہ جنگ، جس کے دوران اس علاقے کے بے گناہ اور بے دفاع شہریوں پر بدترین مظالم اور انتہائی غیر انسانی جرائم کئے گئے، در اصل دنیا میں انسانیت و شرافت اور خباثت و پستی کو تولنے کے لئے بہترین ترازو ہے۔

ٹیگس