Sep ۱۱, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۹ Asia/Tehran
  • برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے بیان کی شدید مذمت، ایران کی وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یوکرین کے تنازعے میں روس کو ہتھیاروں کی فراہمی کے الزام کے تحت اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ فضائی خدمات کی فراہمی کے دوطرفہ معاہدوں کی منسوخی اور ایران ایئر پر پابندی کے حوالے سے انگلینڈ، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ کے بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے مذکورہ تین یورپی ممالک کے حالیہ اقدام کو مغرب کی معاندانہ پالیسی اور ایرانی عوام کے خلاف ان کی اقتصادی دہشت گردی کا تسلسل قرار دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے یورپی ٹرائیکا کو خبردار کیا کہ ایران کے ان کے اس اقدام کا مناسب اور لازمی جواب دے گا۔ ایران کے ترجمان وزارت خارجہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یوکرین تنازعہ کے بارے میں ہمارے ملک کا موقف واضح ہے اور جیسا کہ پہلے بھی واضح کیا جا چکا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے روسی فیڈریشن کو بیلسٹک میزائل فروخت کرنے کا کوئی بھی دعویٰ بالکل بے بنیاد اور جھوٹ ہے۔
کنعانی نے مزید کہا کہ امریکہ اور تین یورپی ممالک صیہونی حکومت کے ہتھیاروں کا اصل ذریعہ ہیں اور فلسطینی عوام کے بڑے پیمانے پر قتل عام اور غزہ میں نسل کشی میں شراکت دار ہیں اور انہیں اپنی غلط پالیسیوں کے لئے جوابدہ ہونا چاہیئے۔ واضح رہے کہ برطانیہ، جرمنی اور فرانس روس یوکرین تنازعے میں تہران پر ماسکو کو اسلحے کی فراہمی کا الزام لگا کر اس کے خلاف مزید پابندیاں لگانے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔

ٹیگس