شہید حسن نصر اللہ کے خون سے مزاحمت کا درخت اور تناور ہوگا، ایران اور لبنان کے وزرائے خارجہ کی ٹیلی فونی گفتگو
وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ شہید حسن نصر اللہ کے خون سے مزاحمت کا درخت اور تناور ہوگا۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ سیدعباس عراقچی نے اپنے لبنانی ہم منصب عبداللہ بوحبیب سے ٹیلی فونی رابطے میں سید مزاحمت حسن نصر اللہ کی شہادت پر اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام اور حکومت کی جانب سے انہيں تعزیت پیش کی۔ اس گفتگو میں سید عباس عراقچی نے سید حسن نصر اللہ کی پوزیشن کا ذکر کرتے ہوئے زور دیا کہ بلا شبہ اس عظیم انسان کا خون مزاحمت کے درخت کو مزید تقویت دے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے بیروت کے رہائشی اور شہری علاقوں پر وحشیانہ حملے کے ذریعے سید حسن نصراللہ کو شہید کرنے کے صیہونی حکومت کے بزدلانہ اقدام کو لبنان کی خود مختاری اور ارضی سالمیت کے خلاف کھلی جارحیت اور جنگی جرم قرار دیا اور علاقائی و عالمی رائے عامہ کے سامنے اس شرمناک جرم کو بیان کئے جانے اور عالمی و قانونی اداروں میں اس کے دستاویزات کو ثبت کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔