Oct ۱۰, ۲۰۲۴ ۰۸:۲۸ Asia/Tehran
  • ایرانی وزیرخارجہ اور سعودی ولی عہد کی ملاقات، خطے کی کشیدگی ختم کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں پر تاکید

سعودی ولی عہد نے ایرانی وزیرخارجہ سے ملاقات کے دوران مشرق وسطی میں جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

سحرنیوز/ایران: مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے سعودی عرب کے دورے کے دوران سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سعودی ولی عہد نے دونوں ممالک کے درمیان گذشتہ ایک سال کے دوران تعلقات میں آنے والی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سعودی عرب ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ صدر پزشکیان کی حکومت ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ خطے کی سیکورٹی، استحکام اور فلاح و بہبود کے لئے علاقائی ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون کرنا ایران کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے اپنے دورہ لبنان اور شام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت کی جارحیت کو روکنے کے لئے وسیع پیمانے پر کوششوں کی ضرورت ہے۔ صہیونی حکومت کو شام، لبنان اور فلسطین میں سویلین تنصیبات اور شہریوں پر حملوں سے روکنے کی فوری ضرورت ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے مشرق وسطی میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لئے علاقائی ممالک کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

ٹیگس