ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف خود جہاز اڑا کر بیروت پہنچ گئے
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ میں لبنان کے مزاحمتی عوام تک رہبر معظم انقلاب اور ایران کے عوام کی حمایت کا پیغام پہنچانے کے لیے بیروت آیا ہوں۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے بیروت کے دورے کے بعد سوشل پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام شائع کرتے ہوئے لکھا کہ جنیوا کے دورے اور پارلیمنٹ کے اسپیکرز کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت سے قبل بیروت آیا ہوں تاکہ رہبر انقلاب اسلامی اور ایران کے عوام کا پیغام لبنان کے عوام کو پہنچاوں اور اسی طرح لبنان و فلسطین کے عوام کی مظلومیت اور مزاحمت کا پیغام دنیا تک پہنچاوں۔
اس سے قبل بیروت پہنچنے پر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ لبنان کے عوام، حکومت اور مقاومت کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی ہر مشکل حالات میں ان کے ساتھ رہیں گے۔
لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچنے پر محمد باقر قالیباف نے اس سفر کے اپنے اہداف کے بارے میں کہا کہ آج شام میں اقوام متحدہ کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے جنیوا جا رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ لبنان کے عوام اور حکومت اور مزاحمت کے ساتھ ہیں اور مشکل حالات میں پہلے کی طرح ان کے ساتھ رہیں گے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مزید کہا کہ میں غزہ اور لبنان کے عوام کی مظلومیت کا پیغام جنیوا لے کر جاؤں گا تاکہ ہر کوئی مظلوم کی حمایت کے لیے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اپنے فرائض سے آگاہ ہو۔
محمد باقر قالیباف نے تاکید کی کہ ہم سب کو فلسطینی اور لبنانی مظلوم عوام کی حمایت کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف آج خود جہاز اڑا کر لبنان کے مختصر دورے پر بیروت پہنچے اور پھر غاصب صیہونی حکومت کی بیروت کے علاقے ضاحیہ پر جاری جارحیت سے تباہ شدہ عمارتوں کو نزدیک سے دیکھا۔