بین الاقوامی عدالت صیہونی حکومت کے خلاف کارروائی کرے، ایران کا مطالبہ
ہالینڈ میں ایران کے سفیر نے ہیگ کی بین الاقوامی فوجداری عدالت کے نام ایک خط لکھ کر صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق ہالینڈ میں ایران کے سفیر نے ہیگ کی بین الاقوامی فوجداری عدالت کے نام ایک خط لکھا ہے۔ یران کے سفیر ہادی فرجوند نے اس خط میں جارح صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر کریم خان کے اقدامات کو سراہا ہے۔
ہالینڈ میں ایران کے سفیر نے سفاک صیہونی حکومت کے حملوں میں لبنان اور فلسطین میں ہزاروں عام شہریوں کے شہید اور زخمی ہونے کا ذکر کرتے ہوئے اسرائیلی جرائم کی روک تھام کے لئے فوری اور ٹھوس قدم اٹھائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ سفیر ایران ہادی فرجوند نے اپنے خط میں کہا کہ غاصب صیہونی حکومت امریکہ اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت سے غزہ میں نسل کشی اور جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے اور اب اس نے اپنی جنگ کا دائرہ لبنان تک پھیلا دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لبنان کے عام شہریوں پر اسرائیل کے جارحانہ حملے انسانیت کے خلاف جرائم کی واضح مثال ہیں۔ اس خط کے آخر میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کے لیے، عالمی اقدام کی اہمیت اور ناانصافیوں کے خلاف عالمی برادری کے اتحاد اور حمایت پر زور دیا ہے۔