پاکستان کے وزیر اعظم سے ایرانی وزیر خارجہ کی اہم ملاقات
ایران کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ فریقین نے دو طرفہ تعاون اور علاقائی مسائل سے متعلق تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
سحرنیوز/ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، سید عباس عراقچی اور انکے ہمراہ وفد کے ارکان نے آج شام اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاوس میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
شہباز شریف نے ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں وزیر دفاع، وزیر داخلہ، نائب وزیر خارجہ اور وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ بھی موجود تھے۔
فریقین نے ایران اور پاکستان کے درمیان وسیع تر تعلقات، مشرق وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت سمیت غزہ اور لبنان میں صیہونی حکومت کے جرائم کے تسلسل پر تبادلہ خیال کیا۔
رپورٹ کے مطابق، عراقچی نے اپنی پہلی ورکنگ میٹنگ میں پاکستان آرمی چیف سے ملاقات کی، پھر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔