شام میں وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل پر تاکید
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ہم شام میں امن، استحکام اور ایک وسیع البنیاد حکومت کے خواہاں ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے آج تہران میں اپنے عمانی ہم منصب بدر البوسعیدی کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے عمانی ہم منصب کے ساتھ شام کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام کے بارے میں ایران اور عمان کے نظریات میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور دونوں ممالک شام کی ارضی سالمیت کے احترام اور تمام نسلی اور مذہبی گروہوں پر مشتمل ایک وسیع البنیاد حکومت کا قیام چاہتے ہیں۔
ایران عمان تعلقات کا ذکر کر تے ہوئے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات فروغ پا رہے ہیں اور آج کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے بارے میں تفصیل سے بات کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے اقتصادی کمیشن کا اجلاس آئندہ ماہ مسقط میں ہوگا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے کے مسائل کے بارے میں دونوں ملکوں کے نظریات میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور دونوں ممالک غزہ میں فوری جنگ بندی اور امدادی راستے کھولے جانے کے بھی خواہاں ہیں۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ یمن کے حوالے سے ہمارے درمیان تبادلہ خیال ہوا اور ہم یمن کی سرزمین پر امریکی اور صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یمن کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کے تحفظ پر زور دیتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ امن مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے۔
عمان کے ذریعے امریکی پیغام کی ایران منتقلی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ عمان کی حکومت بعض دوسرے ممالک کے ساتھ ایران کے رابطوں میں معاونت کے لیے ہمیشہ تیار رہتی ہے البتہ عمانی وزیر خارجہ کے موجودہ دورہ تہران میں ایسے کسی پیغام کا تبادلہ نہیں ہوا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ہم امریکی فریق کے ساتھ مناسب وقت پر سوئس سفارت خانے کے ذریعے ضروری پیغامات کا تبادلہ کرتے رہتے ہیں اور عمان کی طرف سے فی الحال ایسا کوئی پیغام موصول نہیں ہوا۔
عمان کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ تہران پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی ہے اور ہماری ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں سلطان عمان کا تحریری پیغام صدر ایران کو پہنچانے آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ پیغام دونوں ملکوں کے تعلقات کے فروغ بارے میں تہران اور مسقط کے درمیان مشاورت کا حصہ ہے اور اس میں خطے میں باہمی مفادات کے تحفظ کی خاطر مل کر کام کرنے پر زور دیا گيا ہے۔
عمان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں ہم نے مختلف معاملات پر بات چیت کی ہے اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور نقل و حمل کی سہولتوں میں اضافے کے لیے نئے منصوبے شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔