فرانسیسی صدر کے دعوے مسترد
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے فرانسیسی صدر کے حالیہ دعووں کو بے بنیاد، متضاد اور قیاس آرائیوں پر مبنی قرار دیتے ہوئے سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت علاقائی امن و استحکام کے لیے فوری اور حقیقی خطرہ ہے جو امریکہ اور فرانس سمیت بعض یورپی ممالک کی بھرپور حمایت کے کے ذریعے نہ صرف مقبوضہ فلسطین میں نسل کشی کر رہی ہے بلکہ جارحیت اور توسیع پسندی کا دائرہ خطے کے مختلف ممالک تک پھیلا رہی ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ نسل کش اور نسل پرستی صیہونی حکومت کا مواخذہ کرنے کے بجائے، جس کے عہدیدار بین الاقوامی فوجداری عدالت کو مطلوب ہیں، فرانسیسی صدر ایک ایسے ملک پر الزام تراشی کر رہے ہیں جو ہمیشہ عالمی امن و سلامتی اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کے احترام کا علمبردار رہا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں بھی فرانسیسی صدر کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایران کی پرامن جوہری سرگرمیاں بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہیں اور ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کی سخت اور مسلسل نگرانی میں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دعوی ایک ایسی حکومت کی جانب سے کیا گیا ہے جو ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد سےگریزاں رہی اور دوسری جانب ایٹمی ہتھیاروں کے حصول اور فلسطینیوں کی نسل کشی میں صیہونی حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایسی حکومت کی جانب سے ایران پر الزام تراشی دراصل عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے۔