Jan ۱۶, ۲۰۲۵ ۱۶:۱۳ Asia/Tehran
  • إِنَّا فَتَحْنَا لَکَ فَتْحًا مُبِینًا، جنگ بندی مقاومت کی فتح، صہیونی حکومت کی عبرتناک شکست: سپاہ پاسداران انقلاب

سپاہ پاسداران انقلاب نے مقاومت کی فتح پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی صہیونی حکومت کے لئے عبرتناک شکست ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ میں فلسطینی مقاومتی تنظیم حماس اور صہیونی حکومت کے درمیان جنگ بندی کے موقع پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان جاری کیا ہے جس کا متن کچھ یوں ہے۔

إِنَّا فَتَحْنَا لَکَ فَتْحًا مُبِینًا، لِیَغْفِرَ لَکَ اللَّهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِکَ وَمَا تَأَخَّرَ وَ یُتِمَّ نِعْمَتَهُ عَلَیْکَ وَیَهْدِیَکَ صِرَاطًا مُسْتَقِیمًا وَ یَنْصُرَکَ اللَّهُ نَصْرًا عَزِیزًا

خداوند متعال کا شکر ادا کرتے ہیں کہ "طوفان الاقصی" شاندار، تاریخی اور باعث افتخار آپریشن کے 16 ماہ بعد اورغاصب صہیونی حکومت کے وحشیانہ، قرون وسطی کی طرز کے مظالم اور نسل کشی کے باوجود حماس اور اسلامی مقاومت نے مظلوم اور بے دفاع فلسطینی خواتین، بچوں اور مردوں کے قاتل صہیونی حکومت پر اپنی برتری ثابت کردی۔

وہ عناصر جو مکمل امریکی حمایت، یورپی اور علاقائی اتحادیوں کی مدد اور استعماری میڈیا کی پشت پناہی کے ذریعے اپنے اہداف کے حصول کے خواہاں تھے، جن میں "قیدیوں کو بغیر کسی قیمت کے اور عسکری کارروائیوں کے ذریعے آزاد کرانا، حماس کا مکمل خاتمہ، اور شمالی بستیوں کے آباد کاروں کو واپس لانا" شامل تھا، آج 463 دن کے ظلم و بربریت کے بعد شکست تسلیم کرنے پر مجبور ہیں ۔ ان کے جرائم کی وجہ سے 50 ہزار کے قریب مظلوم فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ کے لاکھوں مکین زخمی اور 80 فیصد سے زیادہ بنیادی ڈھانچے اور رہائشی عمارتیں تباہ ہوگئیں لیکن غزہ کے بہادر عوام کے بے مثال صبر و استقامت اور مقاومت کی فولادی ارادے کے سامنے وہ جھکنے پر مجبور ہوگئے۔

آج جنگ کا خاتمہ اور صہیونی حکومت پر جنگ بندی کی شرائط کا نفاذ، فلسطین کے لیے ایک واضح فتح اور عظیم کامیابی ہے، جبکہ صہیونی شیطانی حکومت کے لیے ایک اور بڑی شکست ثابت ہوئی ہے۔ یہ کامیابی غزہ کے بہادر عوام کو خوش اور مزاحمت کے جذبے سے سرشار کرے گی دوسری طرف جعلی کابینہ کے قاتل اور ظالم سربراہ کو صہیونی معاشرے کے اندرونی تنازعات، شدید تنقید اور احتجاج کے طوفان کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ٹیگس