ایران سبھی جنگوں کا خاتمہ اور امن چاہتا ہے: صدر پزشکیان
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران سبھی جنگوں کا خاتمہ اور امن چاہتا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ تشدد سے پرہیز اور گفتگو کے ذریعے سارے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے تہران میں سوئیڈن کے نئے سفیر ماتھیاس اوٹیسٹیڈ سے ملاقات میں کہا کہ امید ہے کہ ان کے دور سفارت میں دونوں ملکوں کے روابط میں فروغ آئے گا۔ صدر ایران نے جنگ سے پرہیز اور امن پسندی پر مبنی ایران کے اصولی موقف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دنیا میں سبھی جنگوں کا خاتمہ اور امن چاہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ تشدد سے پرہیز اور بات چیت کے ذریعے سبھی مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔
صدر ایران نے اسی طرح چیک ریپبلک کے نئے سفیر وتیزلاؤ گریپ سے ملاقات میں بھی ملکوں کے باہمی روابط میں فروغ اور کشیدگی نیز اختلافات برطرف کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ ملکوں کے باہمی روابط میں فروغ سے بہت سے اختلافات اور کشیدگیاں دور ہوسکتی ہیں اور دنیا کو ایسا بنایا جاسکتا ہے کہ سبھی انسان ایک دوسرے کے ساتھ بہتر انداز میں زںدگی گزار سکیں۔ سویڈن اور چیک ریپبلک کے نئے سفیروں نے بھی صدر ایران سے اپنی ملاقات میں ایران کے ساتھ سیاسی و اقتصادی روابط کے فروغ کی خواہش ظاہر کی۔