ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کا لبنان اور اسلامی استقامت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ شہید حسن نصر اللہ کی تشییع جنازہ میں ہماری موجودگی مقاومت کی حمایت اور ایران و لبنان کے اتحاد کا واضح ثبوت ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے لبنان اور اسلامی استقامت کے ساتھ ایران کی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لبنان جلد استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ بیروت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج مجھے یہ اعزاز حاصل ہوا کہ میں ایک اعلی سطحی وفد کے ساتھ بیروت پہنچوں، جس میں رہبر معظم کے دفتر، حکومت، عدلیہ اور پارلیمنٹ کے نمائندے، ثقافتی شخصیات نیز شہداء کے اہل خانہ شامل ہیں۔ محمد باقر قالیباف نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت یہ دعوی کررہی تھی کہ وہ جنوبی لبنان پر حملہ کر کے پورے ملک پر قبضہ کرے گی اور حماس و حزب اللہ کو تباہ کر دے گی لیکن آج صہیونی حکومت کو شرمناک شکست ہوئی ہے اور غزہ کے عوام دوبارہ اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔ دشمن جنوبی لبنان کی سرزمین سے پسپا ہو چکا ہے۔ ایران اور لبنان کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے قالیباف نے واضح کیا کہ لبنان اور ایران کے درمیان صدیوں پر محیط گہرے تاریخی روابط ہیں۔ ہم ان شاء اللہ ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ تعاون کو آگے بڑھائیں گے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے لبنانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یقینا اسلامی جمہوریہ ایران ہر اس اتحاد و یکجہتی کی حمایت کرے گا جو لبنان کی حکومت، پارلیمنٹ، مقاومت اور عوام کے درمیان قائم ہوگا۔