Mar ۲۸, ۲۰۲۵ ۱۱:۲۱ Asia/Tehran

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس سال کے یوم القدس کی ریلیوں کی اہمیت کو گزشتہ برسوں سے کہیں زیادہ قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: رہبر انقلاب اسلامی یوم القدس کی مناسبت سے جاری ویڈیو پیغام میں فرمایا کہ ایران میں یوم القدس کی ریلیاں اس بات کی علامت ہیں کہ ایرانی عوام اپنے اہم سیاسی اور بنیادی اہداف پر ثابت قدم ہیں اور فلسطینی عوام کی حمایت سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے یوم القدس کو ایرانی عوام کے لیے افتخار کا باعث قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ لگاتار گزشتہ 46 سال سے روزہ دار عوام نے ہر طرح کے موسم میں یوم القدس کی ریلیوں میں شرکت کی ہے جو صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہیں بلکہ چھوٹے شہروں، قصبوں اور دیہی علاقوں میں بھی عوام نے بھرپور انداز میں ریلیاں نکالیں۔
آپ نے فرمایا کہ دنیا کی وہ قومیں جو اسلامی نظام سے آشنا ہیں، وہ تو ملت ایران کی حامی ہیں لیکن بعض حکومتیں اور پالیسیوں کے ماننے والے جو اسلامی جمہوریہ ایران کے مخالف ہیں، ایرانی عوام کے خلاف یہ پروپیگینڈا کرتے ہیں کہ ایرانی عوام کے مابین اختلاف یا کمزوری پائی جاتی ہے، تاہم اس سال کے یوم القدس کی ریلیاں ان تمام جھوٹے دعووں پر پانی پھیر دیں گی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اللہ تعالی کی مدد اور اس کے کرم سے اس سال کے یوم القدس کی ریلیاں، ان برسوں کی بہترین، پرشکوہ ترین اور باوقارترین ریلیاں ثابت ہوں گی۔

ٹیگس