ٹرمپ کے خط کا جواب دیا گیا، مذاکرات بالواسطہ ہوسکتے ہیں؛ ایرانی وزیر خارجہ
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے بتایا ہے کہ امریکی صدر کے مراسلے کا جواب عمان کے حوالے کردیا گیا ہے تا کہ امریکہ کو دے دیا جائے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈانلڈ ٹرمپ کے خط کا جواب، 26 مارچ کو مناسب انداز میں عمان کے ذریعے امریکہ کے حوالے کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حد درجہ دباؤ اور فوجی دھونس دھمکیوں کے پیش نظر ہماری پالیسی بدستور بالواسطہ مذاکرات پر مبنی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بالواسطہ مذاکرات ماضی کی مانند جاری رہ سکتے ہیں۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ بالواسطہ مذاکرات سابق صدر روحانی صاحب کے دور میں بھی کيے جا چکے ہیں اور شہید رئیسی کے دور میں بھی انجام پاچکے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ 12 مارچ کو امریکی صدر کا مراسلہ متحدہ عرب امارات کے وزیر مشیر برائے امور خارجہ انور قرقاش کے ذریعے تہران کے حوالے کیا گیا تھا۔
ٹرمپ نے اس قبل دعوی کیا تھا کہ یہ خط رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے نام لکھا گیا ہے جس میں ان کے بقول ایران کو مذاکرات اور جے سی پی او سے مختلف معاہدے کے حصول کی پیش کش کی گئی ہے۔