ایران کی اب تک کی سب سے بڑی دھمکی، امریکا کی ایک غلطی ایران کو جوہری ہتھیار کے حصول کی سمت لے جائے گی
رہبر معظم کے مشیر لاریجانی نے کہا ہے کہ امریکہ نے کوئی غلطی کی تو ایران جوہری ہتھیار کے حصول کی سمت حرکت شروع کرے گا۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی کے سینئر مشیر اور سابق اسپیکر علی لاریجانی نے کہا ہے رہبر انقلاب کا فتوی ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا، لیکن اگر امریکہ نے کوئی بڑی غلطی کی، تو ایران عوام کے دباؤ کے نتیجے میں ایٹمی ہتھیار بنانے پر مجبور ہوجائے گا۔ امریکی ماہرین خود بھی سمجھ چکے ہیں کہ ایران پر حملہ اسے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی طرف لے جائے گا۔

سرکاری ٹی وی کے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران عالمی طاقتوں کے درمیان ایک منفرد مقام حاصل کرچکا ہے، اور زیادہ تر مغربی ممالک ایران کے ساتھ آزادانہ تعلقات چاہتے ہیں، لیکن امریکی دباؤ کی وجہ سے وہ واضح موقف اختیار نہیں کرتے۔
لاریجانی نے کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کی صورت میں بھیانک نتائج نکلیں گے۔ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی بمباری ایران کے جوہری پروگرام کو ختم نہیں کرسکتی۔ ایران اپنے اہداف اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تیار ہے۔ ایران کا جوہری پروگرام اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اگر بمباری کی بھی جائے تو بھی کوئی عقب نشینی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مغربی طاقتیں ایران کے داخلی استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔ مغربی ممالک کا منصوبہ یہ ہے کہ بیرونی دباؤ کے ساتھ ایران کے اندر بھی بدامنی پیدا کی جائے، لیکن وہ جانتے ہیں کہ یہ ممکن نہیں۔

لاریجانی نے کہا کہ مقاومتی بلاک مسلسل اپنی طاقت بڑھا رہا ہے کیونکہ وہ اسرائیل کی جنگ بندی پر اعتماد نہیں کرتے۔ صہیونی حکومت جنگ بندی کو محض ایک حربے کے طور پر استعمال کرتی ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ اسرائیل کی جنگ بندی کی کوئی حیثیت نہیں۔
لاریجانی نے عرب ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عرب اور مغربی ممالک کو خطے کے مسلمانوں کی کوئی پرواہ نہیں۔ ان کے اجلاسوں سے فلسطینی عوام کو کوئی فایدہ نہیں ہوگا۔ اسرائیلی حملوں سے بچنے کا واحد راستہ مزاحمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکیوں کو عقل ہوتی، تو وہ یمن سے چھیڑ چھاڑ نہ کرتے۔ جو بھی یمن میں داخل ہوا، وہ پھنسا ہے۔ یمنی عوام نہایت ذہین اور طاقتور جنگجو ہیں، اور اگر وہ عرب ممالک کے خلاف جنگ کریں تو ان کو بھاری نقصان پہنچا سکتے ہیں۔