Apr ۱۰, ۲۰۲۵ ۰۷:۱۸ Asia/Tehran

تہران کے عوام نے فلسطین اسکوائر پر جمع ہوکر صیہونی حکومت کے جرائم اور غزہ میں جاری نسل کشی کے خلاف احتجاج کیا۔

سحرنیوز/ایران: غزہ میں صیہونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی بارہا خلاف ورزیوں اور اس حکومت کے مسلسل جرائم اور غزہ میں جاری نسل کشی کے خلاف تہران کے عوام نے بدھ کے روز نو اپریل کو فلسطین اسکوائر میں اجتماع کرکے زبردست احتجاج کیا اور ان جرائم کی مذمت کی۔ یہ اجتماع اسلامی تبلیغ کی رابطہ کونسل کی دعوت پر منعقد ہوا۔ اس احتجاجی اجتماع میں مزاحمتی محاذ کی حمایت میں رزمیہ اور انقلابی ترانے پڑھے گئے۔
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں شہداء کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور صہیونیوں اور ان کے حامیوں کے جرائم پر اپنے غم و غصے اور نفرت و بیزاری کا اظہار کرنے کے لیے امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے۔
مظاہرے کے اختتام پر مظاہرین نے یوم قدس کی ریلیوں میں لاکھوں ایرانیوں کی شرکت اور فلسطینی عوام کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم صیہونی حکومت کے مظالم اور جرائم کے خلاف اپنی نفرت و بیزاری کا مظاہرہ کرنے کے لئے  ایک بار پھر فلسطین اسکوائر میں جمع ہوئے ہیں، تاکہ غزہ میں گذشتہ دس دنوں کے دوران غاصب صیہونی حکومت کے غیر انسانی اقدامات اور ہزاروں بچوں کے قتل عام کی مذمت کریں۔
اگر مسلم ممالک اپنے عرب اور اسلامی عہد و پیمان پر متحد ہوجائیں، تو اسرائیل نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہے گی۔ بیان میں غزہ میں ہونے والے جرائم پر بین الاقوامی اداروں کی خاموشی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایرانی قوم دنیا کے تمام حریت پسندوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ کھلی آنکھوں سے دیکھیں کہ دنیا کا کون سا مجرم اور تاریخ کے کس موڑ پر صرف دس دنوں میں اس طرح کی خونریزی شروع کرنے اور اس طرح کے افسوسناک واقعات کو انجام دے سکا ہے۔

ٹیگس