نوجوانوں کو کتابوں اور مطالعے سے مانوس ہونےکی ضرورت، کتاب میں فکر کا رخ موڑنے کی صلاحیت: صدر پزشکیان
تہران میں انٹرنیشنل بک فیئر جاری ہے۔آج تہران کے چھتیسویں بین الاقوامی کتب میلے کا دسواں دن ہے۔ یہ کتب میلہ آٹھ مئی کو تہران کی امام خمینی عیدگاہ میں شروع ہوا اور سترہ مئی تک جاری رہے گا۔
سحرنیوز/ایران: اس سال تہران کے بین الاقوامی کتب میلے میں دو ہزار تین سو سے زائد ناشرین نے شرکت کی ہے۔ آج صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بین الاقومی کتب میلے کا معائنہ کیا۔ وہ ایران کے اسلامی ہدایت و ثقافت کے وزیر سید عباس صالحی کے ہمراہ بین الاقوامی کتب میلے کے مختلف اسٹالوں پر گئے اور اسٹالوں کے انچارجوں اور ناشرین سے گفتگو کی۔

صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے تاکید کی کہ کتابیں موجودہ حالات و مسائل کو مدنظر رکھ کر لکھی جائيں۔ انھوں نے کہا کہ کتابوں میں تنوع سے عوام کے سامنے آزادی انتخاب کا راستہ ہموار ہوجاتا ہے۔ صدر ایران نے نوجوانوں کو کتابوں اور مطالعے سے مانوس ہونے کی تلقین کی اور کہا کہ کتاب، فکر کا رخ موڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور تاریخی واقعات اور قوموں کے تجربات کو پیش کرکے ہمارے سامنے راستہ روشن کرتی ہے۔