ایران اور امریکہ کے بالواسطہ مذاکرات، ایرانی وزیرخارجہ روم پہنچ گئے + ویڈیو
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی جمعہ کی صبح اٹلی کے دارالحکومت روم پہنچ گئے جہاں وہ ایران اور امریکہ کے مابین بالواسطہ مذاکرات کے پانچویں دور میں شرکت کریں گے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ مذاکرات کا پانچواں دور سنیچر کے روز روم میں منعقد ہو رہا ہے، جس کی سربراہی ایران کی جانب سے سید عباس عراقچی اور امریکہ کی جانب سے مشرق وسطی کے لیے صدر کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکاف کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا پرامن جوہری پروگرام مکمل طور پر بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کے تحت ہے اور ایران اپنے قانونی و جائز حقوق کے تحفظ اور پرامن ایٹمی توانائی کے استعمال کے لیے پرعزم ہے۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے اور جوہری مسئلے کے حوالے سے ایران کی پوزیشن اور مطالبات واضح ہیں۔انہوں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ حالیہ دنوں میں امریکی حکام کی جانب سے متضاد بیانات سامنے آئے ہیں، جو سنجیدگی اور نیت کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کرتے ہیں۔