ایرانی فوج کا بڑا اعلان، بین الاقوامی امن مشن میں شرکت کے لیے آمادگی کا کیا اظہار
ایرانی فوج کے کمانڈر نے بین الاقوامی امن مشن میں شرکت کے لیے ملک کی آمادگی کا اظہار کیا۔
سحرنیوز/ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی برّی افواج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل کیومرث حیدری نے کہا ہے کہ ملک کی فوج اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت امن کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی برّی فوج بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق امن مشن میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے۔

جنرل حیدری نے کہا کہ ایرانی فوج بین الاقوامی امن و استحکام کی حفاظت، انصاف کو یقینی بنانے اور تسلط پسندی کے خلاف مزاحمت کے عزم کی پابند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن کا مطلب صرف جنگ کو روکنا نہیں ہے، بلکہ مظلوم قوموں کی حمایت اور دہشت گردی کے خلاف لڑنا ہے۔

جنرل حیدری نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ امن مشن میں فعال شرکت تجربات کو شیئر کرنے اور دنیا کے سامنے ایرانی مسلح افواج کی ایک حقیقت پسندانہ تصویر دکھانے کا موقع فراہم کرے گی۔