امام خمینی رح کی برسی کے پروگراموں کا سلسلہ شروع، بانی انقلاب کی شخصیت کا گہرائی سے جائزہ لئے جانے کی ضرورت
ایران کے مختلف علاقوں اور شہروں مین اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کی برسی کے پروگراموں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے مختلف علاقوں اور شہروں مین اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کی برسی کے پروگراموں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اسی مناسبت سے تہران میں منعقدہ ایک سیمینار سے ایران کے سینئر نائب صدر محمد رضا عارف نے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت امام خمینی رح کی شحصیت کے مختلف پہلوؤں پر اور زیادہ گہری توجہ دیئے جانے کا احساس ماضی سے کہیں زیادہ کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر امام خمینی رح کی شخصیت پر گہرائی سے توجہ دی جاتی تو حکومتی اقدار کہیں زیادہ مضبوط ہوتے۔

محمد رضا عارف نے کہا کہ اس وقت امام خمینی رح کی شخصیت کا گہرائی سے جائزہ لئے جانے کی ضرورت کا کہیں زیادہ احساس کیا جاتا ہے تاکہ آپ کی شخصیت کے مختلف دیگر پہلؤوں کو بھی اجاگر کیا جا سکے۔ اسی طرح کے پروگرام ایران کے دیگر شہروں میں منعقد کئے جا رہے ہیں جن میں مقامی انتظامیہ کے اعلی عہدیدار خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کی زیر قیادت ایرانی عوام نے ایران میں ظالم شاہ کا تختہ الٹ کر اسلامی نظام حکومت کے قیام کی داغ بیل ڈالی اور ایک ایسی اسلامی جمہوری حکومت قائم کی جو ہمیشہ سامراجیت اور تسلط پسندانہ نظام کی مخالفت کرتی رہی اور دنیا کے بیدار ضمیر اور انقلابی متوالوں کا حوصلہ بڑھاتی رہی۔ اور جس نے آمریت کا قلع قمع کر دیا اور منھ زور طاقتوں کو ناکوں چنے چبوا دیئے۔