امریکی حملے کے بعد ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کا اعلامیہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی نے ایک اعلامیہ جاری کرکے آج صبح ملک کے فردو، نطنز اور اصفہان ایٹمی مراکز پر وحشیانہ حملوں کی خبر دی ہے
سحر نیوز/ ایران: ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی نے اپنے اعلامیہ میں اعلان کیا ہے چند روز سے حاری صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کے بعد آج صبح دشمنوں نے ایٹمی اسلحے کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے ،این پی ٹی اورسبھی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، ملک کی فردو، نطنز اور اصفہان کی ایٹمی تنصیبات پر وحشیانہ حملے کردیئے۔
ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی نے کہا ہے کہ افسو س کا مقام ہے کہ یہ حملے ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کی خاموشی کے سائے میں، بلکہ اس کی حمایت سے انجام پائے ہیں۔ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دشمن نے سوشل میڈیا پراپنے ملک کے صدر( امریکی صدر) کے ذریعے، ایران کے مذکورہ ایٹمی مراکز پرحملے کی ذمہ داری قبول کی ہے جو سیف گارڈ معاہدے اور این پی ٹی کے تحت بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی، آئی اے ای اے کی نگرانی میں کام کررہے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ امید ہے کہ عالمی برادری، اس لاقانونیت کی جو جنگل کے قانون پر مبنی ہے، مذمت کرتے ہوئے، اپنے حق کے حصول میں ایران کا ساتھ دے گی۔ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی نے ایران کے عوام کو اطمینان دلایا ہے کہ دشمنوں کی خبیثانہ سازشوں کے برخلاف، ہزاروں انقلابی ماہرین اور سا ئنسدانوں کی محنت اور ہمت سے اس قومی صنعت کی، جو شہید ہونے والے ایٹمی سائنسدانوں کے خون کی قیمت پر حاصل ہوئی ہے، اس کی پیشرفت رکنے نہیں دی جائے گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ ادارہ یعنی ایران کا محکمہ ایٹمی توانائی نے، باشرف ملت ایران کے حقوق کے دفاع میں قانونی چارہ جوئی سمیت ضروری اقدامات اپنے ایجنڈے میں رکھے ہیں۔