دشمن کی جارحیت کی صورت میں ایران کا جواب تباہ کن ہوگا؛ سپاہ پاسداران کے ترجمان
سپاہ پاسداران کے ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر صیہونی حکومت دوبارہ حملہ کرے تو ایران کسی حد کا پابند نہیں رہے گا۔
سحرنیوز/ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان جنرل علی محمد نائینی نے کہا ہے کہ ایران کی تیز رفتار اور مؤثر جوابی کارروائی نے دشمن کے تمام اندازوں کو درہم برہم کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ سوال باقی نہیں رہا کہ کون خوفزدہ ہے؟ بلکہ اب دشمن اس بات سے سخت پریشان ہے کہ اگر نئی جنگ شروع ہوئی تو ایران کا ردعمل انتہائی تباہ کن ہوگا۔
جنرل نائینی نے کہا کہ حالیہ جنگ میں اسرائیل اپنے کسی بھی جنگی ہدف کو حاصل نہیں کرسکا۔ دشمن نے اسلامی جمہوری ایران کی طاقت کو توڑنے اسے تسلیم کرنے پر مجبور کرنے اور اس کے نظام کو کمزور کرنے کی غرض سے جنگ چھیڑی تھی، لیکن وہ مکمل طور پر ناکام رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب دشمن مذاکرات کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل نہ کرسکا تو اس نے فوجی حملوں کا راستہ اپنایا۔ ایرانی کمانڈروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کے باوجود ایران نے فوری اور سخت جواب دیا، جو دشمن کے لیے حیران کن تھا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران ایران نے دو ہزار سے زائد میزائل اور ڈرون مقبوضہ علاقوں کی جانب داغے جن میں سے اکثریت نے اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ سپاہ پاسداران کے ترجمان نے آخر میں اسرائیل کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ دوبارہ ایران پر حملے کی کوشش کرے تو تہران کسی بھی حد کا پابند نہیں رہے گا اور اتنی شدت سے جواب دے گا جس کی اسے توقع نہیں ہوگی۔