قالیباف: ایران شامی عوام کے ساتھ
دمشق کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کے بارے میں ایرانی پارلیمنٹ اسپیکر نے کہا کہ ایران ہمیشہ شامی عوام کے ساتھ ہے اور اس ملک کی وحدت اور ارضی سالمیت کا حامی ہے۔
سحرنیوز/ایران: محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ کی کاروائی شروع کرنے سے قبل کہا کہ آج سب پر واضح ہوگیا ہے کہ ایران پر مسلط کردہ 12 روزہ جنگ میں دشمن کو ایرانی عوام سے بہت بڑا دھچکا لگا ہے۔ دشمن کی ناکامی کا سب سے بڑا عنصر قومی اتحاد ہے، جسکا مشاہدہ پوری دنیا نے کیا ہے۔
انہوں نے دمشق کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کے بارے میں کہا کہ ایران ہمیشہ شامی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور اس ملک کی وحدت اور ارضی سالمیت کا حامی ہے۔ تاہم حکومت میں صیہونی کٹھ پتلیوں اور ان کے حواریوں کے خلاف صیہونی حکومت کی وسیع پیمانے پر کاروائی اہم پیغام ہے۔
قالیباف نے تاکید کی کہ آج امت اسلامیہ سمجھ چکی ہے کہ دمشق اسلامی ملک کا آخری دارالخلافہ نہیں جس پر اس جارح حکومت نے حملہ کیا۔ اس سے پہلے کہ یہ آگ دیگراسلامی حکومتوں اور اقوام کو اپنی لپیٹ میں لے لے، سب کو متحد ہو کر امریکہ کے اس پالتو کتے کا پٹہ کھینچنا ہوگا۔ اس حکومت کا مقصد اسلامی ممالک کو غیر مستحکم، غیر مسلح اور تقسیم کرنا اور اپنی علاقائی غنڈہ گردی کے دائرہ کار کو بڑھانا ہے۔
قالیباف نے ان حکومتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہ جنہوں نے اس مجرم حکومت کی بدمعاشی کے مطابق اپنی سلامتی پر سمجھوتہ کیا ہے، کہا کہ انہیں جان لینا چاہیے کہ وہ سمندری طوفان کے ایک بلبلے میں ہیں اور ان کے پاس اپنی سرزمین کو بچانے کا زیادہ وقت نہیں ہے۔ قالیباف نے کہا کہ صیہونی حکومت خطے کے امن و استحکام کی دشمن ہے اور صرف طاقت کی زبان سمجھتی ہے۔
پارلیمنٹ اسپیکر نے بگوٹا سربراہی اجلاس میں 11 ممالک کی جانب سے صیہونی نسل پرست حکومت پر ہتھیاروں کی پابندی کو ایک جرات مندانہ اقدام قرار دیا جو اس حکومت کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے ایک عملی نمونہ بن سکتا ہے۔