صدر ایران: مغرب والوں کا انسانی حقوق کا دعویٰ جھوٹ کے سوا کچھ نہیں
صدر ایران نے کہا ہے کہ مغرب اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے انسانی حقوق کے دعوے جھوٹ کے سوا کچھ نہیں۔
سحرنیوز/ایران:مسعود پزشکیان نے کہا کہ آج کی مہذب دنیا میں، سب کی آنکھوں کے سامنے، وہ غریب لوگوں، عورتوں اور بچوں کے لیے پانی اور خوراک بند کر رہے ہیں اور نسل کشی کر رہے ہیں، اور پھر ساتھ ہی انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں، جب کہ وہ خود لبنان، شام اور ایران میں تمام بین الاقوامی معیارات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور عالمی سطح پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
تہران میں صیہونی حکومت اور امریکہ کے خلاف 12 روزہ مقدس دفاع کے سلسلے میں شہداء کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران مسعود پزشکیان نے تاکید کی کہ صیہونی حکومت اور امریکہ نے یہ بہانہ بنا کر کہ ایران ایٹم بم بنا رہا ہے (جو کہ جھوٹ کے سوا کچھ نہیں ہے) ہمارے گھروں پر بمباری کی اور ہسپتالوں پر حملہ کیا جس میں خواتین، بچوں اور بے دفاع اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
پزشکیان نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ دشمن نہیں چاہتا کہ ایران مضبوط اور خودمختار ہو، کہا کہ ایرانی قوم طاقت اور جارحیت کے سامنے نہ کبھی جھکی ہے اور نہ کبھی جھکے گی اور اس حوالے سے ہم ان وفادار اور مخلص ایرانی عوام کے شکر گزار ہیں۔
پزشکیان نے مزید کہا کہ غاصب صیہونی حکومت آج خطے کے ممالک پر حملہ اور دہشت پھیلا رہی ہے اور کسی قانون کو خاطر میں لائے بغیر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ ان سانحات اور جرائم کو دیکھنے والے یورپی سیاست دان اسے کیسے جائز قرار دیتے ہیں اور پھر بھی جمہوریت اور انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں؟ کیا ہم ان دعووں پر یقین کر سکتے ہیں؟