Oct ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۵:۱۸ Asia/Tehran
  • عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی طرف سے ایرانی سائنس داں کو ایوارڈ

عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے غیر متعدی امراض کی روک تھام کے سلسلے میں ایک ایرانی سائنس داں پروفیسر مجید غیور مُبرہن کو علاقائی ایوارڈ سے نوازا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے یہ علاقائی ایوارڈ امراض قلب، ذیابیطس اور سرطان جیسے غیر متعدی امراض کی روک تھام اور کنٹرول کے شعبے میں دیا ہے۔ پروفیسر مجید غیور مُبرہن کا تعلق مشہد یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز سے ہے اور وہ ماہرِ غذائیت ہیں۔

ایران کی وزارت صحت کے مطابق عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) لوگوں کے لئے صحت کی اعلیٰ ترین سطح کے حصول کے اپنے مشن کے تحت، ہر سال ایسے سائنس دانوں کو اعزاز و انعامات دیتا ہے جو امراض قلب، ذیابیطس اور سرطان جیسے غیر متعدی امراض کی روک تھام اور کنٹرول کے شعبے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

پروفیسر مجید غیور مبرہن کو قلبی امراض کی روک تھام میں ان کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا۔ وہ ایران میں یونیسکو کے بین الاقوامی مرکز برائے بنیادی طبی علوم اور انسانی غذائیت کے بانی بھی ہیں۔ ایک ایسا مرکز جو ملک اور خطے میں غذائیت اور صحت عامہ کے شعبے کی سائنسی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔

 

ٹیگس