Oct ۲۸, ۲۰۲۵ ۱۶:۱۴ Asia/Tehran
  • ایران، پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافات ختم کرنے کی غرض سے تعاون کے لیے تیار ہے: صدر ایران ڈاکٹر پزشکیان

اطلاعات کے مطابق پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ نے تہران میں صدرمملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں صدر مملکت نے کہا کہ ایران، پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافات کے خاتمے کی غرض سے تعاون کے لئے تیار ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے تہران میں منعقد ہونے والے ای سی او کے وزرائے داخلہ کے چوتھے اجلاس کے موقع پرآج صبح صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر پزشکیان نے اس ملاقات میں خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور کسی بھی تنازع سے بچنے کی ضرورت پر زوردیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو خوشگوار اور ممتاز سطح پر قرار دیا۔ 

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے رشتے دوسرے ممالک کے لیے نمونہ بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی، سائنسی، ثقافتی، اقتصادی اور سیاسی تعلقات کے فروغ کی بنیاد ہیں۔

ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے دونوں ممالک کے درمیان گہری تاریخی اور مذہبی مشترکات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ  ہم پاکستانی عوام کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور مخلصانہ تعلقات سے خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ہمیں کشیدگی کو کم کرنے اور کسی بھی تنازعے سے بچنے کے لیے کوشش کرنی چاہیے کیونکہ یہ پیغمبر اسلامؐ کا واضح حکم ہے۔ ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ  ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم ممالک اپنے اتحاد اور بھائی چارے کو برقرار رکھتے ہوئے مشترکہ دشمنوں کے خلاف کھڑے ہوں۔

اس ملاقات میں پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے ای سی او وزارتی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور ایرانی حکومت اور عوام کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پچھلے ایک برس کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کا یہ میرا چوتھا دورہ ہے اور یہ اسلام آباد اور تہران کے درمیان تعلقات کی گہرائی اور دو طرفہ تعاون کی اہمیت کا ثبوت ہے۔

 

ٹیگس