Nov ۲۳, ۲۰۲۵ ۱۴:۰۷ Asia/Tehran
  • اصفہان دیکھنے کی میری دیرینہ آرزو تھی جو آج پوری ہوگئی۔: ایران میں جنوبی کوریا کے سفیر

ایران میں جنوبی کوریا کے سفیر نے اصفہان میں صوبہ اصفہان کے گورنر سے ملاقات میں کہا کہ اصفہان دیکھنے کی میری دیرینہ آرزو تھی جو آج پوری ہوگئی۔

سحرنیوز/ایران: اصفہان سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق تہران میں جنوبی کوریا کے سفیر کِم جِن پیو نے آج صوبۂ اصفہان کے گورنر کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور اصفہان کے ساتھ دوستانہ تعلقات بڑھانے کی کوشش کررہا ہوں اور ہم اصفہان کے گورنر سے اس کی حمایت کی توقع رکھتے ہیں۔

جنوبی کوریا کے سفیر نے کہا کہ سیاحت کا فروغ ایران اور کوریا کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگا اور اصفہان کے دورے نے ہمیں یہ ترغیب دلائی ہے۔ کِم جِن پیو نے 15ویں اصفہان بین الاقوامی سیاحتی نمائش کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس تقریب میں شرکت کرکے ہم اصفہان کے صنعت کاروں اور اقتصادی کارکنوں کے بارے میں مزید جاننے اور ان کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "ہم اس علاقے میں مشترکات کی بنیاد پر ایران اور کوریا کے درمیان ثقافتی تبادلے کی توسیع میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں اور ہم اس راہ پر مستقبل میں گامزن رہیں گے۔"

ایران میں جنوبی کوریا کے سفیر نے کہا کہ میں شروع سے ہی اصفہان دیکھنا چاہتا تھا اور یہ میری دیرینہ آرزوؤں میں سے ایک تھی جو آج پوری ہوگئی۔

کِم جِن پیو نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ شاہراہ ریشم ایران اور جنوبی کوریا کے درمیان ثقافتی تعلقات کی گہرائی و گیرائی کی عکاسی کرتی ہے کہا کہ "اصفہان کے ساتھ جنوبی کوریا کے شہروں کے تعلقات کا سلسلہ جاری ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ سلسلہ مزید مضبوطی کے ساتھ جاری رہے گا۔"

جنوبی کوریا کے سفیر نے کہا کہ کورین ثقافت کو متعارف کرانے کے لیے اصفہان یونیورسٹی میں ایک شعبہ موجود ہے اور تین کورین طالب علم بھی اصفہان کی ثقافت اور فارسی زبان سے واقفیت کے لیے صوبہ اصفہان میں زیر تعلیم ہیں۔

کم جن پیو

 

اس ملاقات میں اصفہان کے گورنر مہدی جمالی نژاد نے کہا کہ جنوبی کوریا کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے، ہم کوریائی ٹور آپریٹروں کو اصفہان آنے اور اس صوبے کی صلاحیتوں، پرکشش مقامات، ثقافت اور رسم و رواج سے آگاہی حاصل کرنے کی دعوت دیتے ہیں، ہم ان کا گرم جوشی سے استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok

ٹیگس