ایران جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن، ملک میں 70 قسم کی ریڈیو میڈیسن تیار
ایران دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی تیز رفتار ترقی کر رہا ہے اور 70 قسم کی ریڈیو میڈیسن ملک میں تیار کی جا رہی ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف نے نئی ریڈیو میڈیسین کی رونمائی کے موقع پر جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ملک کی ترقی کو حکومت کی بنیادی اسٹریٹیجی قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف نے آج جدید تجربات، ٹیسٹ اور تجربہ گاہوں کے وسائل کی تیرہویں نمائش کے معائنے کے موقع پر محکمہ جوہری توانائی کی تیار کردہ چار نئی ایٹمی مصنوعات کی رونمائی کی۔
ڈاکٹر محمد رضا عارف نے جن جوہری مصنوعات کی رونمائی کی ان میں کینسر میں ہونے والے ہڈیوں کے درد کے علاج کی ریڈیو میڈیسن تیار کرنے والی آٹومیٹک مشین اور جلد کے کینسر کی تشخیص اور علاج کی دو نیوکلیئر دوائيں بھی شامل ہیں۔
نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف نے ملک کے محکمہ جوہری توانائی کی تیار کردہ ان جوہری مصنوعات کی رونمائی کے موقع پر کہا کہ اس نمائش میں ملک کے سائنس دانوں اور محققین کی دن رات کی محنت کے ایک چھوٹے سےحصے کو دکھا یا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ دانش اور جذبے کے ساتھ کام کرنے والے یہ محققین اور سائنس داں ملک کا سرمایہ ہیں جن کے کارنامے قابل فخر ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر نے کہا کہ سبھی میدانوں میں ملک کی ترقی و پیشرفت میں اپنی افرادی قوت سے سب سے زیادہ استفادے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے جب بھی اس سرمائے سے بہتر استفادہ کیا ہے قابل قدر پیش رفت کی ہے۔
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel