قطر کے وزیر اعظم اور عراقی قومی سلامتی کے مشیر سے ڈاکٹر علی لاریجانی کی ٹیلی فونی گفتگو
ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی لاریجانی نے قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمن آل ثانی اور عراقی قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی کے ساتھ الگ الگ ٹیلی فونی بات چیت میں تازہ ترین علاقائی صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر علی لاریجانی اور قطر کے وزیراعظم نے اس گفتگو میں دوطرفہ تعلقات اور تازہ ترین علاقائی حالات پر تبادلۂ خیال کیا۔ ڈاکٹر لاریجانی نے اس گفتگو میں کہا کہ ایران اور قطر کے درمیان تعاون، خطے میں پائیدار استحکام اور سلامتی کی بنیاد ہے۔ قطر کے وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔ ہم مشکل علاقائی مسائل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ایران کے استحکام میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش کے علاقائی استحکام کے لیے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
ڈاکٹرلاریجانی نے عراق کی قومی سلامتی کے مشیر کے ساتھ بھی دوطرفہ تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی معاہدے کے نفاذ پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
عراق کے قومی سلامتی کے مشیر الاعرجی نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ ایران کی عظیم قوم کو یہ فتح حاصل ہونے پر خدا کا شکر ادا کرتے ہيں۔ دشمن نہیں جانتے کہ جب وہ ایرانی قوم پر حملہ کریں گے تو ایرانی عوام بھرپور عزم و قوت کے ساتھ متحد ہوکر کھڑے ہوں گے اور اتحاد کا خوبصورت منظر پیش کریں گے- عراقی قومی سلامتی کے مشیر نے تاکید کی کہ ایران اور عراق کا راستہ مشترکہ اور ایک ہے اور یہ ہمارے لیے ایک عظیم فتح ہے۔