علاقائی مسائل کا حل باہمی تعاون اور مذاکرات میں مضمر ہے: صدر پزشکیان
صدرِ ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے خطے کی اقوام کے درمیان پائے جانے والے دینی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں کی تقویت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی مسائل کو باہمی تعاون، مذاکرات اور عدل و انصاف کی بنیاد پر حل کیا جانا چاہیے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایوان صدر کے جاری کردہ بیان کے مطابق صدرمسعود پزشکیان نے بدھ کی شام پیٹریاٹک یونین آف کردستان (PUK) کے رہنما بافل طالبانی کے ساتھ ملاقات میں ایرانی قوم اور عراقی کردستان کے عوام کے درمیان پائے جانے والے تاریخی، ثقافتی اور سماجی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فریقین کے درمیان تعلقات کی بنیادیں اچھی ہمسائیگی کے ساتھ ساتھ تاریخی، نسلی اور ثقافتی تعلقات پر استوار ہیں۔
صدرِ ایران نے علاقائی ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی اقوام کے درمیان گہرے اور دیرینہ تعلقات ہیں جن پر انحصار کرتے ہوئے باہمی تعاون، استحکام اور ترقی کی راہ ہموار کرنے کی ضرورت ہے۔
خطے میں تفرقہ اور تنازعہ پیدا کرنے کی بعض بیرونی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے صدرِ ایران نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیلی حکومت خطے کی اقوام کے درمیان تقسیم اور تنازعات کی آگ بھڑکا کر علاقائی ممالک کی طاقت کو کمزور کرنے اور ان کے وسائل و ذخائر سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
پیٹریاٹک یونین آف کردستان کے رہنما بافل طالبانی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "اسلامی جمہوریہ ایران عراقی کردستان کا دوست اور کلیدی شراکت دار ہے اور ہم باہمی تعلقات اور تعاون کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel