ایرانی وفد کے دو اراکین کے امریکہ سے نکالے جانے کی تردید
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایرانی وفد کے دو اراکین کے نیویارک سے نکالے جانے کے ایک امریکی میڈیا ذریعے کے دعوے کی سختی سے تردید کی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: ترجمان وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے اتوار 4 اکتوبر کو پریس کانفرنس میں مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
انھوں نے اپنی پریس کانفرنس میں ایشین گیمز 2026 میں ایرانی کھلاڑیوں کی ٹیم کی کارکردگی کو قابل تعریف بتایا اور اس کو خوداعتمادی کی علامت قرار دیا۔
ترجمان وزارتِ خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کا ذکر کیا اور کہا کہ اس سال جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ہماری شرکت اور صدرِ مملکت کی تقریر بہت مفید اور اہم تھی۔
انھوں نے کہا کہ ایران کی منطق اور صدائے مظلومیت دنیا والوں تک بہت اچھی طرح پہنچائی گئی۔
انھوں نے بتایا کہ ہمارے صدر مملکت نے مختلف ملکوں کے صدور سے ملاقاتیں کی، صحافیوں سے گفتگو کی، مختلف امریکی تھنک ٹینکس کے دانشوروں کی نشست سے خطاب کیا اور ہمارے وزیر خارجہ نے بھی مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ اور دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقاتوں میں مختلف علاقائی اور عالمی مسائل میں صراحت کے ساتھ ایران کا موقف بیان کیا۔
اسماعیل بقائی نے صیہونی وزیر اعظم کے دورہ متحدہ عرب امارات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سبھی پڑوسی ملکوں کو ہماری نصیحت ہے کہ حق ہمسائگی کا خیال رکھیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم اچھی ہمسائگی کے اصولوں کے پابند ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ ہمارے پڑوسی بھی ان اصولوں کی پابندی کریں گے اور اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ ان کے قلمرو سے وہ طاقتیں غلط فائدہ اٹھائيں جو اپنے عمل سے ثابت کرچکی ہیں کہ علاقے کے ملکوں کی سلامتی اور رفاہ کو بالکل اہمیت نہیں دیتیں۔
ترجمان وزارتِ خارجہ نے کہا کہ علاقے کے ملکوں، ان ملکوں سے جنہوں نے اپنے قلمرو کو ہمارے خلاف جارحیت کے لئے امریکہ اور صیہونی حکومت کے اختیار میں دیا، صراحت کے ساتھ شکایت کی اور اپنے اعتراضات سے انہیں وضاحت کے ساتھ مطلع کیا۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے بین الاقوامی سطح پر دستیاب ہونے والے ہر موقع پر، امریکہ اور صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات میں تعاون کی وجہ سے، ان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel