سب متحد رہیں، ہم ایک طاقتور ایران بنائیں گے: صدر مملکت
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i457536-سب_متحد_رہیں_ہم_ایک_طاقتور_ایران_بنائیں_گے_صدر_مملکت
صدر مملکت ڈاکٹر پزشکیان نے کہا ہے کہ اگر ہم سب متحد ہو کر رہیں تو ہم ہر میدان میں ایک طاقتور ایران بنائیں گے اور کوئي ہمیں شکست نہیں دے پائے گا۔
(last modified 2026-10-11T18:09:44+00:00 )
Oct ۱۱, ۲۰۲۶ ۱۹:۲۱ Asia/Tehran
  • سب متحد رہیں، ہم ایک طاقتور ایران بنائیں گے: صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر پزشکیان نے کہا ہے کہ اگر ہم سب متحد ہو کر رہیں تو ہم ہر میدان میں ایک طاقتور ایران بنائیں گے اور کوئي ہمیں شکست نہیں دے پائے گا۔

سحرنیو/ایران: صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اگر ہم سب متحد کر رہیں تو تمام میدانوں میں ایک طاقتور اور مضبوط ایران تعمیر کریں گے، کہا ہے کہ ہم سب کو ایک دوسرے کا دوست، مددگار اور پشت پناہ ہونا چاہیے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق صدر پزشکیان نے اتوار کے روز "وطن کی مسکراہٹ" کے جشن میں، جو "قومی ہفتۂ اطفال" کے موقع پر منعقد ہوا، دو لکڑیاں ہاتھ میں لے کر اپنے خطاب میں کہا کہ جب ہم اسکول جاتے تھے تو کتابوں میں ہمیں ایک کہانی بتائی جاتی تھی۔ اس کہانی میں بتایا جاتا تھا کہ ایک باپ کی موت کا وقت قریب آتا ہے تو وہ اپنے بچوں کو بلاتا ہے۔ وہ ایک ایک لکڑی ان کے ہاتھ میں دے کر کہتا ہے کہ اسے توڑو۔ سب ایک ایک لکڑی توڑ دیتے ہیں۔ پھر ان بچوں کا باپ سبھی لکڑیوں کو ایک ساتھ رکھتا ہے اور کہتا ہے کہ اب اسے توڑو، لیکن کوئی بھی ان لکڑیوں کو نہیں توڑ پاتا۔

صدر مملکت نے اس کے بعد بچوں سے مخاطب ہو کر پوچھا کہ آپ کے خیال میں وہ لوگ لکڑیاں کیوں نہیں توڑ سکے؟ انھوں نے خود ہی جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب یہ ساری لکڑیاں ایک ساتھ ہو گئیں تو انھیں توڑا نہیں جا سکا۔ اس بات کا مطلب یہ ہے کہ اگر ہم متحد ہو جائیں تو کوئی ہمیں شکست نہیں دے سکتا لیکن اگر ہم اکیلے ہوں تو وہ ہمیں کچل دیں گے۔

صدر مسعود پزشکیان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ہم سب کو متحد اور ایک دوسرے کا دوست ہونا چاہیے، کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کی مدد اور ایک دوسرے کی پشت پناہی کرنی چاہیے۔ اس طرح ہم ایک طاقتور اور مضبوط ایران تعمیر کریں گے، جو تمام میدانوں میں ترقی و پیشرفت کر سکتا ہے۔ ہمیں علم، ایک دوسرے کی خدمت اور انسانیت کے میدان میں بھی ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔

انھوں نے آخر میں کہا کہ آج مجھے بچپن کے زمانے کی یہ کہانی یاد آئی، اس لیے میں نے آپ کو سنائی۔ اس کہانی کا مقصد یہ ہے کہ اگر ہم سب متحد رہیں تو طاقتور بن جائیں گے لیکن اگر آپس میں لڑیں گے تو دشمن ہمیں نقصان پہنچا سکتا ہے۔ دشمن کو ایسا کرنے کی جرات نہیں ہونی چاہیے۔ ہم سب کو ایک دوسرے کے ہاتھ سے ہاتھ ملا کر پوری طاقت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel