نرسیں رحمت و امید کے فرشتے ہیں: رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت اور نرس ڈے کی مناسبت سے اپنے پیغام میں نرسوں کو رحمت و امید کے فرشتے قرار دیا ہے۔
سحرنیو/ایران: رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے اپنے پیغام میں نرسوں کے حیات بخش اور امید افزا کردار اور معاشرے کی جسمانی و روحانی صحت اور سلامتی پر ان کے اہم اثرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے صحت کے شعبے کے حکام کو نرسوں پر خصوصی توجہ دینے کی تاکید کی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی کا پیغام:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
ہر سال پانچ جمادی الاول اس عظیم المرتبت خاتون کی ولادت باسعادت کی یاد دلاتا ہے، جس نے پنجتن پاک، صلوات اللہ و سلامہ علیہا و علیہم، کی محبت، تربیت اور صحبت کے سائے میں پرورش پائی کہ جو اللہ کی سب سے برتر تخلیقات میں ہیں۔ پچاس برس سے زیادہ عرصے تک اس نورانی مکتب میں حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی تربیت اور پرورش نے ہر عہد کے اس درخشاں ستارے میں شرف اور برتری کی ایسی رنگا رنگ جلوہ گری پیدا کی کہ وہ ہمیشہ اولیائے الہی کے لیے تعریف، تحسین اور افتخار کا باعث رہی ہیں۔ اس درخشندگی کا اوج واقعۂ عاشورا میں سامنے آیا۔ ایک طرف کربلا کے مظلوموں کے لیے بے پایاں محبت و شفقت، خیرخواہی اور صبر کے ساتھ غم خواری کا مظاہرہ اور دوسری طرف استقامت اور شجاعت کی اعلیٰ ترین مثالوں میں سے ایک ہونا۔
اسلامی تحریک اور اسلامی انقلاب کی تاریخ ابتدا ہی سے میدان میں ایران کی زینبی خواتین اور بیٹیوں کی موجودگی کے مناظر سے مملو ہے۔ اس چیز نے ایرانی قوم کی بے مثال بعثت کے اس دور میں، جو تیسرے مقدس دفاع کے دوران سامنے آئی، حیرت انگیز کیفیت اور وسعت اختیار کی۔ آج اسلامی مملکت ایران کی زینبی خواتین، مختلف میدانوں، بالخصوص شہروں اور دیہی علاقوں کے چوراہوں اور عوامی اجتماعات میں بھرپور فعال ہیں، اس طرح سے کہ زمانے کے طاغوت، جو ہمیشہ اس قوم کے درد اور تکلیف اور سرکوبی کے خواہاں ہیں، اپنے اندر اس عظیم لشکر کا مقابلہ کرنے کی ہمت نہیں پاتے۔
حضرت زینب کبریٰ کی ولادت کے دن کو اس سرزمین کے لوگوں نے، جو اہلبیت اطہار صلوات اللہ علیہم اجمعین سے والہانہ محبت و عقیدت رکھتے ہیں، دکھی انسانوں کے ساتھ مہربانی، ہمدردی اور ان کے لیے قربانی کے جذبے کو پیش نظر رکھتے ہوئے بجا طور پر نرسوں کے مقام کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن قرار دیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان میں سے بہت سی اخلاقی صفات اور انسانی اقدار زحمت کش اور قابل قدر نرسوں میں نمایاں طور پر دکھائی دیتی ہیں۔ نرس کا کردار، بعض دوسرے شعبوں جیسے ڈاکٹروں، اساتذہ اور تربیت کرنے والوں، علما اور امدادی کارکنوں کی طرح، حیات بخش اور امید افزا ہے۔ اسی لیے کبھی نرس کو رحمت کے فرشتے کی طرح دیکھا جاتا ہے اور وہ اس وقت ہوتا ہے جب وہ درد اور بیماری میں مبتلا لوگوں کی بدخلقی اور بے تابی کے باوجود ان کے لیے سکون، امید، صحت یابی اور علاج کے اسباب فراہم کرتی ہے اور یوں رحمت الہی کے نزول کی راہ ہموار کرتی ہے۔ البتہ مریضوں کے علاج میں نرسوں کا کردار ڈاکٹروں کے برخلاف لگاتار، بھرپور اور صبر آزما موجودگی کا متقاضی ہے۔ اس طرح کی موجودگی کے اثرات جسمانی امور سے کہیں آگے تک ہیں اور یہ موجودگی نفسیاتی اور روحانی تکالیف کا مرہم بنتی ہے اور بہت سے مواقع پر ناامیدی کے غلبے کا سد باب کرتی ہے۔ یہی وہ طریقہ ہے جس سے نرسیں اپنی ہمدردانہ خدمت کے ذریعے وہ کام بھی انجام دیتی ہیں جو ڈاکٹروں کے بس میں نہیں ہوتے۔
ایسے دور میں جب سامراج کا خبیث نیٹ ورک حریت پسند اور استقامت کرنے والی قوموں، خصوصاً ایرانی قوم پر طرح طرح کے مظالم و جرائم مسلط کرنے سے دریغ نہیں کر رہا ہے اور علاج اور دواؤں سے متعلق مختلف پابندیاں عائد کرکے بھی ایران کی عظیم قوم پر مصائب مسلط کرنا چاہتا ہے، نرسوں پر توجہ دینا، نرس برادری کو مضبوط بنانا اور ان کے علم، مہارت، صلاحیت، نشاط، جذبے اور وقار کو قائم رکھنے اور بہتر بنانے کی کوشش کرنا، خصوصاً ان نرسوں کے لیے جنھوں نے خود کو مختلف اداروں میں خدمت کے لیے وقف کر رکھا ہے، معاشرے کی جسمانی اور روحانی صحت و سلامتی پر اہم اثرات مرتب کرتا ہے۔ اس لیے توقع ہے کہ صحت کے شعبے کے عہدیدار اپنی ذمہ دارانہ روش کو جاری رکھتے ہوئے ان اہم امور کو ترجیح دیں گے۔
میں ان دونوں مناسبتوں پر عزیز قوم، وطن اسلامی کی فرض شناس اور پُرعزم خواتین اور بالخصوص نرس بہنوں اور بھائیوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
میں آخر میں نرس برادری کے مظلوم اور فداکار شہدا، بالخصوص دوسری اور تیسری مسلط کردہ جنگوں اور جنوری 2026 کے ہنگاموں اور فسادات میں شہید ہونے والے نرس بھائی بہنوں کے لیے رحمت الہی کی دعا کرتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ ہمارے آقا امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی دعا کے طفیل خداوند عالم ایرانی قوم کو مزید عزت و قوت اور ہر وہ چیز عطا فرمائے گا جو حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے مکتب کی پیروی کے شایان شان ہے۔
سیدمجتبیٰ حسینی خامنہ ای
16 اکتوبر 2026
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel