غزہ پٹی پر صیہونی جنگی طیاروں اور توپخانوں کا حملہ
قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں اور توپخانوں نےجمعے کو غزہ پٹی پر حملے کئے ہیں-
المیادین نیوز چینل نے جمعے کی علی الصبح غزہ کے مرکز میں ایک زور دار دھماکے کی خبردی ہے۔
دھماکے سے قبل علاقے ميں صیہونی جنگی طیاروں کو پرواز کرتے دیکھا گیا تھا۔ فلسطینی نیوز ایجنسی الشھاب کے مطابق صیہونی فوج نے توپخانے کی مدد سے غزہ کے علاقے جحر الدیک کو نشانہ بنایا ہے۔
اس سے قبل فلسطینی ذرائع نے غزہ کے اطراف میں سائرن بجنے کی خبر دی تھی۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونی کالونی سیدروت میں سائرن بج اٹھے جو عام طور پر راکٹ حملے کے وقت بجائے جاتے ہیں۔ بعض ذرائع نے سیدروت کے قریبی علاقے میں ایک راکٹ کے گرنے کی خبر دی ہے۔
فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے مشرقی غزہ کے الشرقیہ علاقے پر بمباری اور گولہ باری کی ہے ۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق صیہونی حکومت کی توپوں نے غرہ پٹی کے حجرالدیک علاقے کو بھی نشانہ بنایا ہے ۔
ابھی تک اس حملے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے بارے میں کوئی رپورٹ نہیں ملی ہے تاہم صیہونی حکومت کی فوج نے دعوی کیا ہے کہ یہ حملہ غزہ پٹی سے مقبوضہ علاقوں کی جانب ایک راکٹ فائر کئے جانے کے نتیجے میں ہوا ہے۔
صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں ، ہیلی کاپٹروں ، ڈرون طیاروں اور توپخانوں نے حالیہ مہینوں میں غزہ پٹی کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا ہے ۔
فلسطینی ذرائع نے جمعرات کی شب مشرقی نابلس میں ایک فلسطینی جوان کی شہادت کی خبر دی ہے۔
فلسطین الیوم ویب سائٹ نے رپورٹ دی ہے کہ اس فلسطینی جوان کو ایک صیہونی انتہا پسند نے اپنی گاڑی سے کچل کر شہید کردیا۔
صیہونی فوجی اور انتہا پسند صیہونی روزانہ کسی نہ کسی بہانے سے مظلوم فلسطینیوں کو شہید یا زخمی کردیتے ہیں یا گرفتار کرلیتے ہیں ۔