حزب الله کی حمایت میں لبنان کے صدر کا بیان سامنے آ گیا
لبنان کے صدر نے کہا ہے کہ حزب الله نے اب تک اپنے وعدوں پر عمل کیا اور جو کچھ بھی ہم نے کہا ہے حزب الله نے اس کا مثبت جواب دیا ہے۔
لبنان کے صدر میشل عون نے قطر کے اخبار الشرق کو انٹرویو دیتے ہوئے اس سوال کے جواب میں کہ کیا حزب الله، لبنان اور خلیج فارس کے ممالک کے مابین تعلقات کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے کہا کہ در اصل لبنان کو داخلی طور پر امن و استحکام کی ضرورت ہے اور جو کچھ بھی ہم نے کہا ہے حزب الله نے اس کا مثبت جواب دیا ہے۔
لبنان کے صدر نے قطر کو لبنان کا دوست ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ قطر نے ہماری مالی، سیاسی اور معنوی مدد کی ہے۔
میشل عون نے نبنان اور خلیج فارس کے ممالک کے مابین لبنان کے مستعفی ہونے والے وزیر اطلاعات و نشریات جارج قرداحی کے بیان کے بعد سامنے آنے والے تنازع پر کہا کہ اس بحران سے نکلنے کا واحد راستہ مذاکرات اور سفارتی تعلقات کی برقراری ہے۔
واضح رہے کہ لبنان کے وزیر اطلاعات و نشریات کے ایک ٹی وی انٹرویو کے بعد جو، انہوں نے عہدہ سنبھالے سے پہلے ریکارڈ کرایا تھا، خلیج فارس تعاون تنظیم کے رکن ملکوں خاص طور سے سعودی عرب کے ساتھ لبنان کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔
لبنان کے وزیر اطلاعات و نشریات جارج قرداحی نے مذکورہ انٹرویو میں جنگ یمن کو فضول قرار دیتے ہوئے اس کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔ سعودی عرب کے ساتھ ساتھ عرب امارات اور بحرین نے جارج قرادحی کے بیان سے چراغ پا ہوکر، لبنان سے اپنے سفیروں کو واپس اور لبنانی سفیروں کو اپنے ملک سے چلے جانے کا حکم دیا تھا۔