Dec ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۸:۰۹ Asia/Tehran
  • صوبہ مآرب میں یمنی فوج کی نئی کامیابیاں

یمنی فوج اور عوامی رضا کار فورس نے اپنی پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے مآرب کے مشرقی علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

المسیرہ کی رپورٹ کے مطابق یمنی افواج نے ہفتے کے روز مآرب کے مشرق میں البطر، النقا اور العکاد نامی اضلاع کا کنٹرول سنبھال لیا۔ الخبر الیمنی ویب سائٹ نے رپورٹ دی ہے کہ حالیہ مہینوں میں، مآرب میں جارح سعودی اتحاد کے ترپن سینیئر کمانڈر ہلاک کردیئے گئے ہیں۔الخبر الیمنی نے اپنی رپورٹ میں بتایاہے کہ مآرب میں جارح اتحاد کے زرخرید فوجیوں کی وسیع ہلاکتوں کے بعد اس اتحاد میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

دوسری طرف یمنی خبر رساں ذرائع نے یمنی افواج کے حملوں میں جارح سعودی اتحاد کے درجنوں سوڈانی فوجیوں کی ہلاکت اور بڑی تعداد میں ان کے زخمی ہونے کی خبردی ہے ۔المیادین ٹی وی کے مطابق یمنی افواج نے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صوبہ حجہ کے علاقے الحثیرہ اور سعودی عرب کی سرحدوں کے اندر زرخرید سوڈانی فوجیوں کے اڈوں پر حملہ کیا ہے ۔اس آپریشن میں زرخرید سوڈانی فوجیوں کے ٹھکانوں کے علاوہ سعودی اتحاد کے پانچویں فوجی زون کے ہیڈ کوارٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

سعودی حکومت نے اپنی سرحدوں کی حفاظت بنیادی طور پر سوڈانی اور دیگر زرخرید فوجیوں کے حوالے کر رکھی ہے۔یمن میں سوڈانی فوجیوں کی تعداد کے بارے میں فی الحال کوئی قابل اعتماد اعداد و شمار موجود نہیں ہیں، لیکن دو نومبر دوہزار انیس کو سوڈانی گورننگ کونسل کے نائب چیئرمین محمد حمدان حمیدتی نے کہاتھا کہ یمن میں تیس ہزار سوڈانی فوجی، موجودہیں۔

پھر چودہ جنوری دوہزار بیس کو سوڈانی ریپڈ ایکشن فورس کے ترجمان جمال جمعہ نے کہا تھا کہ یمن میں سعودی فوجیوں کی تعداد کم کر کےچھے سو ستاون کر دی جائے گی۔یمن سے اپنے فوجیوں کو واپس بلانے کے لیے سوڈان میں اب تک متعدد مطالبات اور کمپین چلائے جا چکے ہیں۔

سعودی عرب امریکہ، متحدہ عرب امارات اور کئی دیگر ممالک کی حمایت سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر فوجی جارحیت کے ساتھ ہی اس ملک کا زمینی، سمندری اور فضائی محاصرہ کئے ہوئے ہے۔ یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں اور جارحیت میں اب تک لاکھوں یمنی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ بے گھر اور دربدر ہو چکے ہیں۔

 

ٹیگس