سعودی اتحاد کی جیل پر بمباری، 70 افراد خاک و خون میں غلطاں، 138 زخمی
یمن کی ایک جیل پر بمباری کے نتیجے میں کم از کم 70 افراد خاک و خون میں غلطاں ہو گئے۔
ڈاکٹرز ود آوٹ بارڈر تنظیم کی رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد نے جمعہ کی صبح یمن کے شمالی صوبے صعدہ کی ایک جیل پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کم از کم 70 افراد کو خاک و خون میں غلطاں کر دیا - اس حملے میں 138 افراد زخمی بھی ہوئے۔ بمباری میں تباہ ہوجانے والی جیل کی عمارت کے ملبے سے مرنے والوں اور زخمیوں کو باہر نکالا گیا تاہم ابھی بھی 50 سے زائد افراد عمارت کے ملبے کے نیچے ہیں ۔
قبل ازیں سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے اپنی مسلسل ناکامیوں کا بدلہ لینے کے لئے یمن کے مختلف علاقوں پر 70 مرتبہ بمباری کی، ان حملوں میں بھی متعدد یمنی شہری شہید و زخمی ہوئے ہیں اور جانی نقصانات کے علاوہ بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوا ہے۔
دوسری جانب یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر کے سربراہ علی القحوم کا کہنا ہے کہ ملک میں امریکی منصوبے کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ملک کی مسلح افواج ، ملک کے دفاع کے لئے تمام امکانات اور توانائی کا استعمال کریں گی۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کی بمباریوں میں درجنوں عام شہریوں کی شہادت کے بعد یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ یمنی قوم ان جارحیتوں کا پوری طاقت سے جواب دے گی۔
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے ترجمان اور سینئر مذاکرات کار محمد عبد السلام نے یمن کے عام شہریوں پر سعودی اتحاد کے حملوں پر رد عمل ظاہر کیا۔
انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ صنعا کی جیل میں قیدیوں اور الحدیدہ و صنعا میں عام شہریوں کا قتل عام، جارح طاقتوں کی جانب سے عام شہری تنصیبات پر حملوں کی وجہ سے یمن کے عوام سر تسلیم خم نہیں کریں گے اور نہ ہی ان کے ارادے کمزور ہوں گے۔