Apr ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۶:۵۷ Asia/Tehran
  • اسرائیل کو حزب للہ لبنان کے سربراہ کا انتباہ

حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے غاصب صیہونی دشمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی قوم اپنے جہاد اور جد وجہد میں کامیاب ہوگی اور اسے شکست نہیں دی جا سکتی۔

حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے کہا ہے جوکچھ فلسطین میں ہو رہا ہے اس کا اسرائیل کے مستقبل پر اثر پڑے گا۔

سید حسن نصر اللہ نے اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی شجاعت و بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کی استقامتی تحریک فلسطینیوں کی کامیابی تک فلسطینی عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑی رہے گی۔

انہوں نے ٹی وی سے براہ راست خطاب میں فلسطین کے تازہ ترین حالات  کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فلسطین پر صیہونی حکومت کے ناجائز قبضے کے خلاف فلسطینیوں کی جد و جہد کے لئے حزب اللہ کی حمایت کا اعلان کریا اور کہا کہ ہمیں مقبوضہ فلسطین کے مردوں، عورتوں جوانوں اور بچوں کی بہادری کا ساتھ دینے پر فخر ہے۔

سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ جو کچھ مقبوضہ فلسطین میں ہو رہا ہے اس کا اسرائیل کے وجود پر گہرا اثر پڑے گا۔

انہوں نے غاصب اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر فلسطینیوں میں مایوسی اور محرومی کی بنیاد پر شرط لگا رہے ہو تو دھوکے میں ہو، اگر تمہیں لگتا ہے کہ عربوں کی غداری فلسطینی جوانوں کو پیچھے ہٹا دے گی، تو تم وہم کا شکار ہو۔

حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کا ظلم انہیں اس حکومت کے قبضے کے خلاف مزاحمت کے لئے مزید پر عزم بنائے گا۔ انہوں نے فلسطینی عوام کی مزاحمت کی حمایت کرتے ہوئےکہا کہ ہم اس لڑائی میں انکے ساتھ شریک ہیں۔انھوں نے لبنان اور علاقے کی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کے آئندہ انتخابات مکمل جمہوری ہوں گے جس میں تمام گروہ اور جماعتیں شرکت کریں گی۔

سید حسن نصراللہ نے کہا کہ حزب اللہ کا مقصد انتخابات میں اپنے امیدواروں اور اتحادیوں کی کامیابی کا حصول ہے اور کسی کو یہ نہیں سوچنا چاہئے کہ نتیجہ تبدیل ہو سکتا ہے۔

انھوں نے اپنے خطاب یمن میں جنگ بندی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یمنی عوام عالمی برادری سے اپنے عزم کا لوہا منوانے میں کامیاب رہے ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ یہ جنگ بندی مسئلے کے سیاسی حل کے حصول پر منتج ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ حزب اللہ بھی ہمیشہ جنگ بندی کے حق میں رہی ہے اور واحد حل وہ مذاکرات کو سمجھتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ کوئی سعودی عرب کو ٹارگٹ کرنا نہیں چاہتا ۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے عالمی یوم القدس کا بھی ذکر کیا اور لبنانی عوام سمیت پورے عالم اسلام سے اس دن کی سرگرمیوں اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کرنے کی اپیل کی۔

انھوں نے عالمی یوم القدس کے موقع پر جنوبی بیروت کے سید الشہدا کمپاؤنڈ میں ایک بڑے عوامی اجتماع کے پروگرام کی خبر دی اورامید کی کہ سب اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے فلسطینی قوم کی حمایت کا اعلان کریں گے۔

ٹیگس