Apr ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۶:۰۵ Asia/Tehran
  • صیہونیوں سے ہاتھ ملانے والے ممالک پشیماں ہوں گے: الحوثی

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبد الملک بدرالدین الحوثی نے جمعے کی رات ایک بیان میں کہا ہے کہ جو ممالک غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی برقراری کی ریس لگا رہے ہیں وہ جلد ہی نقصان اٹھائیں گے اور اپنے کئے پر شرمندہ ہونے پر مجبور ہو جائیں گے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبد الملک بدرالدین الحوثی نے کہا ہے کہ عالم اسلام میں یوم القدس منائے جانے کا مسئلہ ایک نہایت اہم مسئلہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ جو ممالک مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت سے اتحاد قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ اسلام کے واضح اصول سے روگرداںی کر رہے ہیں اس لئے کہ خداوند متعال نے قرآن مجید میں دشمن کا مقابلہ کرنے کی بات کہی ہے۔

عبد الملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ جو ممالک صیہونی حکومت کو سہولیات فراہم اور اپنی سرحدوں کو اس غاصب حکومت کے لئے کھول رہے ہیں وہ اس بات کو سجھ لیں کہ صیہونی دشمن انھیں دودھ دینے والی ایک گائے کے طور پر دیکھتا ہے۔ 

انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن محمد البخیتی نے بھی جمعے کے روز غاصب صیہونی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت بیت المقدس کے خلاف کوئی بھی اقدام کرنے سے باز آجائے۔

انھوں نے المیادین ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس کو اگر کوئی خطرہ ہوا تو پورے علاقے میں ایک ہمہ گیر وسیع جنگ شروع ہو جائے گی اور پھرغاصب صیہونی حکومت سے ہاتھ ملانے والے ممالک ہی نقصان اٹھائیں گے۔ 

ٹیگس