Jul ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۱:۳۵ Asia/Tehran
  • تہران اجلاس اور قائد انقلاب سے روسی و ترک صدر کی ملاقات پر پاکستانی میڈیا کا ردعمل

اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں منگل کی رات آستانہ عمل کے بانی ممالک کے ساتویں سربراہی اجلاس اور ترکی اور روس کے صدور کی رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ہونے والی ملاقات کا پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پر انعکاس ہوا ہے۔

پاکستان سے شائع ہونے والے اخبار جنگ کی سرخی؛ روسی صدر پوتین کی تہران میں آیت اللّٰہ خامنہ ای سے ملاقات

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای سے روسی صدر پیوٹن نے تہران میں ملاقات کی۔

اس موقع پر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے فرمایا کہ ایران اور روس کو مغربی ممالک کی دھوکا دہی کے خلاف چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ مشکل اور سخت اقدام ہے، ایران عام لوگوں کے جنگ کا شکار ہونے پر خوش نہیں۔ آیت اللّٰہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ ایران اور روس کا طویل مدتی تعاون دونوں ممالک کے مفاد میں ہوگا، سب ممالک کو تجارت امریکی ڈالر کے بجائے اپنی اپنی کرنسی میں کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ روسی صدر پوتین کی سربراہی میں روس نے اپنی آزادی برقرار رکھی ہوئی ہے۔

پاکستان سے شائع ہونے والے اخبار دنیا کی سرخی؛ایران کی سربراہی میں سہ فریقی اجلاس کا اعلامیہ جاری، دہشتگردوں کیخلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم

ایران کی سربراہی میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ مشترکہ اعلامیے میں داعش سمیت مختلف دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور شامی پناہ گزینوں کی اپنے گھروں میں واپسی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

تہران میں ہونے والے اجلاس میں ایران، ترکی اور روس کے سربراہان مملکت نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے میں داعش سمیت مختلف دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور شامی پناہ گزینوں کی اپنے گھروں میں واپسی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

دورے کے دوران روسی صدر پوتین اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے خصوصی ملاقات کی۔ ایران، ترکی اور روس کے صدور کے درمیان ایک اور ملاقات میں شام میں جاری تشدد میں کمی پر زور دیا گیا۔

پاکستان سے شائع ہونے والے روزنامہ ڈان کی سرخی؛ روس، ترکیہ اور ایران کا شام میں دہشت گردوں کے خاتمے کا عزم

روس، ترکیہ اور ایران کے صدور نے تہران میں ملاقات کے بعد سہ فریقی بیان میں شام میں ‘دہشت گردوں کے خاتمے’ کے لیے اپنا تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ تینوں ممالک نے دہشت گرد افراد، گروہوں اور اداروں کو ختم کرنے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے تیل کی اس آمدنی پر (امریکہ کے) غیر قانونی قبضے اور منتقلی کے خلاف اپنی مخالفت کا اظہار کیا جس کا تعلق شام سے ہونا چاہیے۔

علاوہ ازیں انہوں نے شام میں علیحدگی پسند ایجنڈے کے خلاف کھڑے ہونے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

یہ سہ فریقی بیان ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان کی جانب سے اپنے روسی اور ایرانی ہم منصبوں سے شام میں دہشت گردی کے خلاف اپنی کوششوں کی حمایت کی درخواست کے بعد جاری کیا گیا۔

پاکستان سے شائع ہونے والے اخبار ایکسپریس کی سرخی؛ روس اور ترکیہ کے صدور کی اپنے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی سے ملاقات

روس اور ترکیہ کے صدور ولا دیمیر پوتین اور رجب طیب اردوغان نے تہران  پہنچنے پر ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی ہے ۔ 

ایران میں ہونے والے سہ فریقی سربراہ اجلاس میں  شام سمیت خطے اور علاقائی سیکیورٹی پر اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

ایران میں مشرق وسطیٰ بالخصوص شام میں قیام امن کے حوالے سے ساتویں سہ فریقی سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے  ترکیہ اور روس کے صدور نے ایرانی ہم منصب سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

ایران کے سعد آباد پیلس میں ترک صدر طیب اردوغان کے لیے استقبالیہ تقریب رکھی گئی جس کے بعد دونوں ممالک کے سربراہان نے وفد کے ہمراہ روبرو ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

 

ٹیگس