سعودی اتحاد، بارودی سرنگوں کی صفائی میں رکاوٹ ہے، یمنی عہدیدار
جارح سعودی اتحاد ، بارودی سرنگیں صاف کرنے اور کلسٹربموں کو ناکارہ بنانے والے آلات یمن پہنچنے کی اجازت نہیں دے رہا ہے۔
یمن کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے سربراہ علی صفرہ کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں سے برسائے جانے والے کلسٹر بم رہائشی علاقوں میں جگہ جگہ بکھرے پڑے ہیں جس کی وجہ سے عام شہریوں کی ہلاکتوں کے خدشات شدت اختیار کرتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کو بارودی سرنگوں اور کلسٹر بموں سے ہونے والی ہلاکتوں کا ذمہ دار سمجھتے ہیں جو سعودی اتحاد کے دباؤ کی وجہ سے یمن کو بارودی سرنگیں صاف کرنے والے آلات تک فراہم کرنے سے ڈرتا ہے۔
یمن کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے سربراہ نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے آغاز سے اب تک چوراسی بچوں سمیت دوسو پچپن عام شہری سعودی اتحاد کی پچھائی ہوئی بارودی سرنگوں اور کلسٹر بموں کے پھٹ جانے سے شہید ہوچکے ہیں ۔ اس سے پہلے ایک یمنی عہدیدار نے کہا تھا کہ سعودی بمباری میں پھٹنے سے رہ جانے والے کلسٹر بم انسانی جانوں کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں اور اقوام متحدہ ضروری آلات و وسائل فراہم کرنے سے گریزاں ہے جبکہ سعودی اتحاد بھی اس کام میں روکاٹ بنا ہوا ہے۔
سعودی عرب نے امریکہ ، متحدہ عرب امارات اور بعض دوسرے ملکوں کے ساتھ مل کر مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کو جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ اس ملک کا بری، بحری اور فضائی محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔ یمن کے خلاف سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جنگ پسندی کے نتیجے میں اب تک دسیوں ہزار بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔