انصار اللہ اور حزب اللہ کے درمیان پھنسا اسرائیل، یمنی ڈرونز نے اڑائی نیند
یمنی ڈرونز طیاروں نے اسرائیل کی نیند اڑا دی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: مستقبل کی ممکنہ جنگ میں یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے ڈرون طیاروں سے اسرائیل کو شدید تشویش ہے۔
ایک عبرانی چینل نے صیہونی حکام کے مستقبل میں اسرائیل کے ساتھ مزاحمتی محاذ کے ممکنہ تصادم اور تحریک انصار اللہ کے ڈرون کے استعمال کے امکان کے بارے میں تشویش کی اطلاع دی۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے فوجی حکام کو اس وقت حزب اللہ لبنان کے ساتھ کاریش گیس فیلڈ اور صیہونی حکومت کی طرف سے اس میں ڈرلنگ کا سامنا ہے اور امکان ہے کہ وہ حزب اللہ کے ساتھ ایک نئی جنگ شروع کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب چینل- I24 نے باخبر اسرائیلی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ تل ابیب مستقبل قریب میں تحریک"حزب اللہ لبنان" کے ساتھ فوجی تصادم کو خارج از امکان قرار نہیں دیتا اور ساتھ ہی ساتھ یمنی ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنائے جانے کی بھی پیشنگوئی کرتا ہے۔
ان ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ایران، حزب اللہ کے ذریعے میدانی جنگ میں تل ابیب کو زبردست دھچکا پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ دونوں فریق کے درمیان جنگ کے توازن میں تبدیلی پیدا کر سکے۔ دریں اثنا، اسرائیل کو درپیش حقیقی خطرہ یمن میں پوشیدہ ہے اور انصار اللہ کی طرف سے حزب اللہ کے ساتھ مل کر اسرائیل کو نشانہ بنانے کا امکان ایک حقیقت بن گیا ہے۔
ان ذرائع کے مطابق حزب اللہ شمالی محاذ شروع کر کے اسرائیل کو دھوکہ دے رہا ہے لیکن اسرائیل بھی الحوثی گروپ کے ڈرونز کے ذریعے جنوبی حصے میں محاذ کھولنے کے امکان کو نظر انداز نہیں کر رہا ہے۔
صیہونی ریزرو فورسز کے کمانڈر عاموس یادلین نے گزشتہ پیر کے روز ایک مضمون میں لکھا تھا کہ حکومت کو حزب اللہ کے ساتھ بڑے پیمانے پر فوجی تصادم کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ کی جانب سے بحیرہ روم میں صیہونی حکومت کی تنصیبات اور گیس فیلڈز کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں پر، انہوں نے کہا کہ تل ابیب کے حکام تنازع کو روکنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں۔
"عاموس یادلین" نے کہا کہ حزب اللہ کی دھمکیاں کھوکھلی نہیں ہیں اور ہمیں ان دھمکیوں کے بعد عملی اقدام کا انتظار کرنا چاہیے۔ اس سلسلے میں انہوں نے کاریش گیس فیلڈ اور مقبوضہ فلسطین کی سرحد پر تین ڈرون بھیجنے میں حزب اللہ کے اقدامات کا حوالہ دیا۔
دو روز قبل اسرائیلی ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے صیہونی حکومت کے وزیر جنگ بینی گینٹز نے تل ابیب کی شکست کا ذکر کیے بغیر حزب اللہ لبنان کو دھمکی دی تھی کہ حزب اللہ کے ساتھ کشیدگی جنگ میں بدل سکتی ہے، مجھے امید ہے کہ ہمیں جنگ کی طرف نہیں جانا پڑے گا، کیونکہ یہ لبنان اور اس کے شہریوں کے لیے ایک المیہ ہوگی۔