عراق؛ زائرین کی دوگاڑیوں میں تصادم، متعدد جاں بحق و زخمی (ویڈیو)
عراق کے صوبۂ بابل میں ہونے والے روڈ حادثے میں گیارہ افراد جاں بحق اور تیس دیگر زخمی ہوگئے۔
ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے طبی مرکز کے نائب سربراہ طاہر درودی نے بتایا ہے کہ عراق کے صوبہ بابل کے شہر شوملی میں پیش آنے والے واقعے میں ایک منی بس، زائرین کو لے جانے والی وین سے ٹکرا گئی جس میں گیس سلنڈر نصب تھا۔
سلنڈر پھٹنے سے دونوں گاڑیوں میں دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں گیارہ افراد جاں بحق جبکہ تیس زخمی ہو گئے۔ طاہر درودی نے بتایا کہ عراق کی امدادی ٹیمیں زخمیوں کو دیوانیہ ہسپتال منتقل کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایران نے بھی فوراً ایک ایمبولینس بس جائے حادثہ پر بھیج دی ہے۔
یہ حادثہ ایرانی بارڈر مہران سے 140 کلومیٹر دور پیش آیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ ایرانی زائرین کو ابتدائی علاج کے بعد ایران منتقل کر دیا جائے گا۔ طاہر درودی نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ واقعے کے فوراً بعد جائے حادثہ کے قریب واقع پیٹرول پمپ میں دھماکے کی خبر دی گئی تھی کہ جس کی تردید ہوگئی۔