عراق میں صدر گروہ نے خصوصی ملٹری ونگ بنانے کی تردید کر دی
عراق میں مقتدی صدر نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں بتایا گیا تھا کہ صدر گروہ اپنے ایک خصوصی ملٹری ونگ کے قیام کی کوشش کر رہا ہے ، مقتدی صدر نے کہا کہ یہ اقدامات صدر تحریک کے طریقہ کار، اخلاق اور کردار کے خلاف ہیں۔
ذرائع ابلاغ نے بغداد الیوم ویب سائیٹ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ مقتدی صدر کے ایک قریب شخص صالح محمد العراقی نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں اعلان کیا ہے کہ بعض افراد ایک سپیشل ملٹری ونگ بنا کر قوانین کی پامالی اور امنیت کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں، میں یہاں پر اعلان کرتا ہوں کہ یہ کام ہمارے کردار، اخلاق اور طریقہ کار کے مطابق نہیں ہے اور ہم حتی فاسدوں کے ساتھ ایسے سلوک کے قائل نہیں ہیں اور ایسے اقدامات سے ہم برائت کا اعلان کرتے ہیں۔
العراقی نے اپنی ٹوئیٹ میں مزید لکھا کہ ایسے تمام اقدامات شرعی قوانین، اخلاقی اور اجتماعی اصولوں کے خلاف ہیں اور ہم سارے عراقی عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ایسی کوششوں کے بارے میں اطلاع فراہم کریں اور ایسے اقدامات کا بائیکاٹ کریں۔
اس سے پہلے عراق کے صدر گروہ نے نئی کابینہ کی تشکیل کےلئے محمد شیاع السوڈانی کی سربراہی کی مذمت کی تھی اور عراق میں بننے والی اگلی کابینہ میں شریک ہونے سے انکار کیا تھا۔
یاد رہےکہ جمعرات کے دن عراق کے نو منتخب صدر عبدالطیف راشد نے السوڈانی کو نئی کابینہ کی تشکیل کےلئے سربراہ کے طور پر مقرر کیا تھا۔