Nov ۲۰, ۲۰۲۲ ۰۹:۱۳ Asia/Tehran
  • ہزاروں یمنی بچے آل سعود کا شکار ہو گئے

یمن پر سعودی جارحیت کے نتیجے میں اب تک آٹھ ہزار معصوم بچے بیگانہ طاقتوں منجملہ قبیلۂ آل سعود کے مفادات کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔

سحر نیوز/عالم اسلام: یمن کے ادارۂ انسانی حقوق نے ہفتے کے روز ایک رپورٹ میں بتایا کہ مارچ دوہزار پندرہ میں شروع ہوکر تاحال جاری رہنے والی سعودی امریکی جارحیت کے نتیجے میں اب تک تین ہزار آٹھ سو ساٹھ یمنی بچے براہ راست جارحیت کا نشانہ بن کر شہید جبکہ چار ہزار دوسو چھپن معصوم بچے زخمی ہو چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اب تک چھے ہزار عام شہری سعودی امریکی جارحیت کے باعث معذور ہو چکے ہیں جن میں پانچ ہزار پانچ سو انسٹھ بچے شامل ہیں۔

ادارۂ انسانی حقوق کی رپورٹ میں مزید آیا ہے کہ سعودی امریکی جارحیت کے باعث چوبیس لاکھ یمنی بچے تعلیم سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ زمینی سمندری اور فضائی محاصرے کے سبب یہ ملک غذائی اور دوائی قلت کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں تیئیس لاکھ یمنی بچے اس وقت صحیح، کافی اور صحتمند غذا کو ترس گئے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ اور بعض دیگر مغربی ممالک کی حمایت سے سعودی عرب نے یمن پر مارچ دوہزار پندرہ میں جارحیت کا آغاز کیا جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ اقوام متحدہ نے یمن کے انسانی المیے کو صدی کا بدترین انسانی المیہ قرار دیا ہے۔

ٹیگس