Dec ۰۹, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۴ Asia/Tehran
  • امریکہ عالم اسلام کو بکھیرنے کے درپے ہے: سربراہ تقریب مذاہب عالمی فورم

امریکہ عالم اسلام میں تفرقہ پیدا کرنے اور شگاف ڈالنے کے درپے ہے، یہ کہنا ہے تقریب مذاہب اسلامی عالمی فورم کے سیکریٹری جنرل کا۔

سحر نیوز/عالم اسلام: جمعرات کے روز تقریب مذاہب اسلامی عالمی فورم کے سیکریٹری جنرل حجت الاسلام شہریاری اور روس کے ادارۂ مسلمین اور مفتی کونسل کے سربراہ شیخ راویل عین الدین کی ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر حجت الاسلام ڈاکٹر شہریاری کا کہنا تھا کہ داعشی اسلام کو فروغ دینے میں مغربی ممالک بالخصوص امریکہ کی ایران اور روس کے ہاتھوں شکست کے  بعد اب انہوں نے ایک نئی سازش شروع کی ہے جس کے تحت وہ مسلمانان عالم کی صفوں میں اختلافات اور تفرقہ کی آگ بھڑکانا چاہتے ہیں۔

ڈاکٹر شہریاری نے امریکی لیبرل کلچر کی ترویج کو عالم اسلام کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا اور کہا کہ مغربی ممالک اپنی ثقافت کو دیگر ممالک پر مسلط کرنے کے درپے ہیں، وہی ثقافت جو بظاہر آزادی معلوم ہوتی ہیں مگر در حقیقت وہ اپنے مد مقابل ہر اٹھنے والے تفکر کو دبانے کی کوشش کرتی ہے۔

تقریب مذاہب اسلامی عالمی فورم کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ اس وقت ہم بڑے حساس مرحلے سے گزر رہے ہیں اور ہمارے کچھ فرائض ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے شام میں ایک بڑی اور گہری سازش کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد دنیائے اسلام میں شگاف ڈالنا تھا تاہم ایران و روس کے باہمی تعاون نے اُسے ناکام بنا دیا۔

ٹیگس